Friday , January 19 2018
Home / شہر کی خبریں / شمس آباد ایرپورٹ پر شامیانے میں نماز جمعہ

شمس آباد ایرپورٹ پر شامیانے میں نماز جمعہ

ڈپٹی چیف منسٹر کی مداخلت پر ایرپورٹ انتظامیہ شامیانہ نصب کرنے پر مجبور

ڈپٹی چیف منسٹر کی مداخلت پر ایرپورٹ انتظامیہ شامیانہ نصب کرنے پر مجبور
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( نمائندہ خصوصی ) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ جہاں اس کے آغاز کے بعد سے ہی مسلم ملازمین اور مسافرین کو چلچلاتی دھوپ اور بارش میں نماز ادا کرنی پڑ رہی تھی ۔ جس کی وجہ سے یہ ملازمین اور مسافرین اور ان کے رشتہ دار عرصہ دراز سے حکومت اور ایرپورٹ انتظامیہ کو توجہ دلا رہے تھے کہ انہیں اس مقام پر مسجد کی تعمیر کی اجازت یا کم از کم شامیانہ نصب کرنے کی اجازت دی جائے یہ لوگ اس لیے بھی یہ مطالبہ کررہے تھے چونکہ اس ایرپورٹ میں بابا شرف الدین کی درگاہ کے تحت ایک ہزار 62 ایکڑ موقوفہ اراضی کو شامل کرلیا گیا ہے ۔ مگر اس کے باوجود مسلمانوں کو یہاں دھوپ میں کھلے آسمان کے نیچے نماز ادا کرنے پر مجبور ہونا پڑرہا تھا ۔ تاہم گذشتہ روز ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جی ایم آر کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے مذکورہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سردست جس مقام پر نماز جمعہ ادا کی جاتی ہے وہاں شامیانے نصب کیا جائے جس پر ایرپورٹ انتظامیہ نے اس تجویز پر اتفاق کیا اور 24 اپریل سے یہاں شامیانہ نصب کردیا گیا جس پر نمازیوں نے راحت کی سانس لی ۔ ایرپورٹ ملازمین اور مسافرین نے شامیانے میں نماز ادا کی ۔ اور اس مسئلے کی یکسوئی پر تمام مصلیوں نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود کے حق میں دعائیں کی ۔ واضح رہے کہ امام و خطیب مولانا محمد ریاض نے نماز جمعہ کی خطابت اور امامت کی اور بعدنماز جمعہ ڈپٹی چیف منسٹر سے شکریہ ادا کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT