Monday , April 23 2018
Home / شہر کی خبریں / شمس آباد ایر پورٹ کی اراضی نظام حیدرآباد کی وقف جائیداد

شمس آباد ایر پورٹ کی اراضی نظام حیدرآباد کی وقف جائیداد

تحفظ کیلئے نظام اوقاف کمیٹی کے ذمہ داروں سے بات چیت کرنے صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نظام حیدرآباد کی وقف کردہ جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے نظام اوقاف کمیٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شمس آباد میں جی ایم آر انٹرنیشنل ایرپورٹ کی اراضی نظام حیدرآباد کی وقف کردہ ہے۔ اوقاف کمیٹی نے اس سلسلہ میں وقف ٹریبونل میں اپنا دعویٰ پیش کیا جو زیر التواء ہے۔ اسی دوران یہ معاملہ ہائیکورٹ پہنچا ۔ تلنگانہ وقف بورڈ اور نظام اوقاف کمیٹی نے مشترکہ طور پر قانونی جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شمس آباد کی اوقافی اراضی کا تحفظ کیا جاسکے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ ایرپورٹ کی توسیع کے سلسلہ میں جو اراضی کمپنی کو حوالے کی جارہی ہے ، وہ وقف ہے۔ وقف بورڈ اور اوقاف کمیٹی عدالت سے رجوع ہوکر اس بات کی کوشش کریں گے کہ اراضی وقف قرار دیا جائے۔ ایرپورٹ کی مکمل اراضی وقف ہے اور ایرپورٹ سے متصل کھلی اراضی موجود ہے۔ حکومت نے یہ اراضی وقف بورڈ کے حوالے کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ محمد سلیم نے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں نظام کی وقف کردہ جائیدادیں موجود ہیں جن کے بارے میں اجلاس میں تفصیلی غور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نظام اوقاف کمیٹی کے صدر نواب خیرالدین خاں اور جی پی اے نواب فیض خاں سے وہ ابتدائی بات چیت کرچکے ہیں ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر اور ماہرین قانون کی موجودگی میں جمعہ کو جائزہ اجلاس میں قانونی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT