Tuesday , October 23 2018
Home / شہر کی خبریں / شوہر کی ناشکری سے اعمال ضائع، شوہر کی رضامندی سے جنت کی بشارت

شوہر کی ناشکری سے اعمال ضائع، شوہر کی رضامندی سے جنت کی بشارت

نیک عورت کا معاشرے کی تشکیل میں اہم رول، ڈاکٹر رضوانہ زرین کا اجتماع سے خطاب

حیدرآباد 18؍مارچ( راست) ڈاکٹر مفتیہ حافظہ رضوانہ زرین مؤمناتی شیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے جامعۃ المؤمنات مغلپورہ میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے مخاطب ہوتے ہوئے کہ اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس نے عورت کو ذلت سے نکال کر عزت وعظمت کے بلند درجات پر فائزکیا ، حضور ﷺ کا ارشاد ہے دنیا تمام فائدہ بخش ہے لیکن سب سے زیادہ فائدہ بخش چیز نیک عورت ہے ، نسل انسانی کی بقاء وفروغ کے لئے جس قدر مردوں کی ضرورت کو تسلیم کیا جاتاہے اس طرح یا اس سے کہیں زائد عورتوں کی ضرورت کو تسلیم کرنے سے کوئی انکار نہیں کر سکتا ، یہ بات اپنی جگہ صد فیصد درست ہے کہ مرد اور عورت خاندان کے دو اہم ستون ہوتے ہیں ایک گاڑی کے دو پہئے ہیں، نیک عورت معاشرے کی تشکیل میں اہم رول ادا کرتی ہے، عورت نصف انسانیت ہے انسانی معاشرہ میں جتنی اہمیت ایک مرد کو حاصل ہے اتنی ہی ایک عورت کو بھی حاصل ہے عورت کا وجود انسانی تمدن کے لئے ضروری ہے۔اللہ تعالیٰ نے شوہر کا مقام بہت اونچا بنایا ہے شوہر کی اجازت کے بغیر بیوی گھر سے نکلنے پر خدا کی ناراضگی ہوتی ہے ،شوہر کی ناشکری سے اعمال حبط ہوجاتے ہیں ،شوہر کی رضا مندی پر جنت کی بشارت ہے ، حضور ﷺ نے فرمایا جس خاتون کا انتقال اس حالت میں ہوجائے کہ اس کا شوہر اس سے خوش ہو تو وہ جنت میں داخل ہوگی، اجتماع کا آغاز قاریہ شفا ناز کی قرأت ،حافظہ محمدی زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا۔ سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین نے کہا کہ ہر مسلمان بیوی کو اپنے شوہر کی اطاعت گذار اور فرمانبردار ہونا چاہئے، اس کے حکم کی خلاف ورزی اور ناراضگی سے بالکلیہ احتراز کرنا چاہئے ۔ محترمہ نے خواتین پر زور دیا کہ بیوی کیلئے ہر حال میں شوہر کی اطاعت وفرمانبردای واجب ہے اور اپنے شوہر کے جذبات وخیالات کا خیال رکھنا ضروری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT