Thursday , September 20 2018
Home / کھیل کی خبریں / شکیب بنگلہ دیشی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

شکیب بنگلہ دیشی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مقرر

ڈھاکہ ۔11 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی) نے مشفیق الرحیم کی جگہ شکیب الحسن کو ٹسٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے جبکہ محموداللہ کو نائب کپتان کی ذمے داریاں سونپ دی گئی ہیں۔بنگلہ دیش نے 2011 میں مشفیق الرحیم کو ٹسٹ ٹیم کی قیادت سونپی تھی لیکن اب چھ سال بعد آل راؤنڈر شکیب الحسن کو یہ ذمہ داری دے دی گئی ہے جبکہ تمیم اقبال کی جگہ محموداللہ کو ان کا نائب مقرر کردیا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ آئندہ ماہ سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں شکیب ٹیم کی قیادت کریں گے لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ شکیب کو کتنی مدت کیلئے یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔نظم الحسن نے کہا کہ ہم مشفیق کو قیادت سے ہٹانے کی اصل وجوہات کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے لیکن ہم چاہتے ہیں مشفیق اب اپنی بیٹنگ پر بھرپور توجہ دیں اور ان پر کسی بھی قسم کا دباؤ نہ ہو۔مشفیق الرحیم نے 34 ٹسٹ میچوں میں بنگلہ دیش کی قیادت کی اور ان کی زیر قیادت ٹیم نے آسٹریلیا، انگلینڈ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کو شکست دیتے ہوئے مجموعی طور پر سات کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن ٹیم کو 18 میچوں میں ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑا جبکہ نو ٹسٹ میچ ڈرا ہوئے۔ رواں سال ان کی زیر قیادت ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ رہی اور بنگلہ دیش کو نو میں سے سات ٹسٹ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پرا جس کی بڑی وجہ ناقص قیادت کو قرار دیا جا رہا تھا اور ممکنہ طور پر انہی وجوہات پر وہ قیادت سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

TOPPOPULARRECENT