Tuesday , December 19 2017
Home / Top Stories / شہاب الدین کی آج بھاگلپور جیل سے رہائی

شہاب الدین کی آج بھاگلپور جیل سے رہائی

۔1300 ایس یو وی موٹروں کا قافلہ ، سیوان میں جشن، آتشبازی
پٹنہ ۔ /9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتادل کے چار مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہنے والے محمد شہاب الدین کل جیل سے رہا ہونے والے ہیں ۔ ان کا ہیروز کی طرح خیرمقدم کرنے کے لئے ہزاروں حامیوں کے قافلے سیوان سے بھاگلپور پہونچ چکے ہیں ۔11 سال جیل میں رہنے کے بعد انہیں رہا کیا جارہا ہے ۔ سیوان کے مرد آہن کو 35 مقدمات کا سامنا ہے ۔ ان میں قتل کے مقدمات بھی ہیں لیکن کئی الزامات پر ثبوت کی کمی کے باعث ضمانت منظور کی گئی ہے ۔ان کے استقبال کے لئے 1300 ایس یو وی موٹروں کا قافلہ بھاگلپور پہونچ گیا ہے ۔ پولیس عہدیدار نے بتایا ہے کہ ہم ان کی رہائی کے وقت ٹریفک کنٹرول کرنے کے علاوہ تمام انتظامات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں ۔ ان کی رہائی سے ریاست میں آر جے  ڈی کی طاقت کا مظاہرہ ہورہا ہے ۔ تمام ہوٹلوں اور سرکٹ ہوزس کو اڈوانس میں بک کردیا گیا ۔ بھاگلپور اور سیوان کی تمام ہوٹلیں ان کے حامیوں سے بھرگئی ہیں ۔ جگہ جگہ آتش بازی اور میٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں ۔ اس منظر کو دیکھنے کے لئے ہر کوئی گھر کے باہر آرہا ہے ۔ کوئی بھی نہیں چاہتا کہ وہ شہاب الدین کی جیل سے رہائی اور گھر واپسی کے منظر کو دیکھے بغیر رہ جائے ۔ سیوان کی عدالت نے ان کی رہائی کے احکام جاری کئے ہیں ۔ جس کے فوری بعد جمعہ کے دن پرتاپ پور اور سیوان میں زبردست آتش بازی کی گئی ۔ یہاں افراد نے کہا کہ ہم اپنے ’’صاحب‘‘ کا استقبال کرنے کے لئے آنکھیں بچھائے کھڑے ہیں ۔ سیوان سپرنٹنڈنٹ پولیس سوروکمار شاہ نے کہا کہ اس جلوس اور قافلہ کے دوران کسی بھی قسم کی گڑبڑ کو روکنے کے لئے پولیس بندوبست کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT