Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / شہری عوام کی پسماندگی کیلئے جی ایچ ایم سی کی عدم توجہ

شہری عوام کی پسماندگی کیلئے جی ایچ ایم سی کی عدم توجہ

خلوت میں ملبوسات کی تقسیم، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔11ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی حکومت اور مجلس پرانے شہر کے عوام کی پسماندگی کے خاتمہ میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے اسی لئے پرانے شہر کے علاقوں سے غربت کا خاتمہ ممکن نہیں ہو رہا ہے۔ صدر پردیش کانگریس کیپٹن اتم کمار ریڈی نے سونیا گاندھی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر پرانے شہر کے علاقہ قادریہ کالونی خلوت میں منعقدہ کپڑوں کی تقسیم کے پروگرام میں شرکت کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس غریبوں کی ہمدرد اور عربت کے خاتمہ کو یقینی بنانے پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعت ہے ۔ پرانے شہر میں منعقدہ سونیا گاندھی کی سالگرہ تقریب میں جناب شیخ عبداللہ سہیل‘ جناب محمد غوث سابق کارپوریٹر‘ جناب معراج محمد سابق کارپوریٹر‘ جناب سید نظام الدین کے علاوہ مقامی کانگریس قائدین موجود تھے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پرانے شہر کے موجودہ حالات کے لئے مقامی جماعت کے منتخبہ عوامی نمائندے ذمہ دار ہیں جنہوں نے ان علاقوں کی ترقی کو نظر انداز کرتے ہوئے عوام کو غربت کی سطح کے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی غریبوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے اور پارٹی سربراہ نے کانگریس کے دور اقتدار میں ضمانت تغذیہ قانون اور دیگر اسکیمات روشناس کرواتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت پرانے شہر کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے جس کے سبب پرانا شہر ترقی سے محروم ہوتا جا رہا ہے۔ جناب محمد غوث نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اپنے سیکولر کردار کے سبب عوام میں مقبول جماعت ہے اقتدار رہے یا نہ رہے کانگریس قائدین ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہوتے ہیں جبکہ شہری سطح پر سیاست کرنے والی جماعتیں عوام کو محروم طبقات کی فہرست میں شامل رکھتے ہوئے ان میں احساس کمتری پیدا کرتی ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ عوام اب یہ جان چکے ہیں کہ ان کے مسائل کس طرح حل ہو سکتے ہیں اور کس طرح وہ اپنے مسائل کو سرکردہ قائدین کے روبرو پیش کرسکتے ہیں جبکہ اب تک عوام کو مذہب کے نام پر منافرت پھیلاتے ہوئے اپنی سیاست کا شکار بنایا جاتا رہا تھا لیکن اب مستقبل میں اس طرح کی حرکتیں کامیاب نہیں ہو پائیں گی۔ جناب محمد غوث نے بتایا کہ طویل عرصہ بعد پرانے شہر میں کانگریس نے جدوجہد کا آغاز کیا ہے اور بتدریج یہ محنت رنگ لائے گی۔

TOPPOPULARRECENT