Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر اور اضلاع میں موسلا دھار بارش، ٹریفک متاثر

شہر اور اضلاع میں موسلا دھار بارش، ٹریفک متاثر

آندھراپردیش اور تلنگانہ میں آئندہ تین چار دن تک طوفانی بارش کی وارننگ
حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ساحلی آندھراپردیش اور تلنگانہ کئی علاقوں میں کل رات سے زبردست بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ اس موسم میں مزید شدت کے ساتھ آئندہ تین چار دن کے دوران دونوں ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں کل رات سے آج رات دیر گئے تک وقفہ وقفہ سے کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوتی رہی۔ بالخصوص صبح کے وقت موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں شہریوں کو دفاتر اور کاروبار کو جانے میں سخت دشواریاں پیش آئیں جبکہ اسکولی بچہ بھی اس بارش سے متاثر ہوئے۔ پرانا شہر حیدرآباد کی کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی تھیں۔ سکندرآباد کے پاش علاقوں میں بھی بارش کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت بُری طرح متاثر ہوئی۔ تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد، کریم نگر، کھمم، میدک، محبوب نگر، نلگنڈہ، نظام آباد، رنگاریڈی وغیرہ میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آندھراپردیش میں آئندہ چار پانچ دن اور تلنگانہ میں تین چار دن تک وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں دونوں ریاستوں کے بعض مقامات پر موسلا دھار اور طوفانی بارش کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT