Thursday , September 20 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر اور اضلاع میں ’’ایک کھانا ایک میٹھا‘‘ مہم پر مثبت ردعمل

شہر اور اضلاع میں ’’ایک کھانا ایک میٹھا‘‘ مہم پر مثبت ردعمل

مہم کمیٹی کا اجلاس، شاندار نتائج پر اظہار اطمینان، مہم کامیابی کی ضامن ہوگی، محمد مشتاق ملک کا خطاب

مہم کمیٹی کا اجلاس، شاندار نتائج پر اظہار اطمینان، مہم کامیابی کی ضامن ہوگی، محمد مشتاق ملک کا خطاب
حیدرآباد 15 مارچ (راست) تحریک مسلم شبان کی مہم شادی میں ’’ایک کھانا ایک میٹھا‘‘ کامیابی سے جاری ہے۔ مہم کمیٹی کے اجلاس میں مختلف اراکین کی رپورٹ کے مطابق اضلاع اور شہر حیدرآباد میں ابھی تک 25 شادیوں کی اطلاع ملی ہے جس میں ہمہ اقسام کے کھانوں کے بجائے سادگی سے شادی کی گئی اور ایک کھانا ایک میٹھا کی دعوت کی گئی۔ کل صداقت ہاؤس ملک پیٹ میں شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا مہم کی کمیٹی کا ایک اجلاس جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی 21 رکنی افراد پر مشتمل ہے۔ اس کمیٹی کے سرپرست جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ہیں۔ اراکین کمیٹی جناب ایم اے غفار، جناب مسکین احمد، ڈاکٹر مرزا غلام حسین بیگ، جناب عبدالحمید شوکت، جناب عبدالکریم ماجد صدر ملت اسلامیہ کمیٹی، جناب ارشد حسین عام آدمی پارٹی، مفتی منظور احمد مدرسہ ہدایت القرآن، سید عارف قادری، جناب ظہیرالدین ثمر مشیرآباد پنچ کمیٹی اصلاح معاشرہ، جناب پرویز صدر معتمد شبان، مولانا حافظ خالد علی خان قادری ترجمان شبان، محمد عبدالحکیم قلعہ گولکنڈہ، محمد سلیم (اڑسی یونین) ، محمد انور پٹیل پٹن چیرو کے علاوہ مولانا سید حامد حسین شطاری سنی علماء بورڈ، مولانا مستان علی، جناب عبدالحکیم سنگاریڈی نے تجاویز روانہ کیں۔ مہم کمیٹی نے شادی میں ایک کھانا ایک میٹھا کی مقبولیت پر تشفی کا اظہار کیا۔ کئی تجاویز اس اجلاس میں زیربحث رہے۔ عامۃ المسلمین سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ اخلاص و للٰہیت اس مہم کی کامیابی کی ضمانت ہوگی۔ وسوسوں کا شکار ہوئے بغیر ہم کو سخت محنت اور جدوجہد کرنا ہے۔ 25 شادیاں بڑی کامیابی ہے مگر اصل کامیابی پوری ملت اسلامیہ اس پر عمل کرے۔ ملت کی معیشت کا استحکام، شادی کے موقع پر سودی قرض اور عام قرض سے نجات دلاتے ہوئے شادی سادگی سے کرنا اس مہم کا مقصد ہے۔ کمیٹی کے اجلاس کے مباحث میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مساجد کے خطیب نماز جمعہ سے قبل اس اہم مسئلہ پر ملت کو سمجھائیں۔ آج جہیز لین دین، پرتعیش دعوتوں کے عنوان پر ہزاروں لڑکیاں بن بیاہی بیٹھی ہیں۔ باپ کی معیشت اتنی مستحکم نہیں ہے کہ وہ اپنی لاڈلی کی شادی سماجی تقاضوں کے مطابق کرے۔ یہ مہم دولت دولت مندوں سے گذارش کررہی ہے کہ وہ شادی کو سادگی سے کریں اور غریب و متوسط طبقات سے اپیل کرتی ہے کہ اپنی شادیوں کو سادگی سے کریں۔ شان و شوکت کے مظاہروں کے لئے غیر ضروری قرضوں اور پریشانیوں میں مبتلا نہ ہوں۔ شہر حیدرآباد ملک ہی نہیں دنیا میں اپنی ایک شناخت رکھتا ہے۔ اس کی تہذیب اور تمدن کی مثالیں دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ ایسے شہر میں جوان لڑکیوں کا جہیز اور پرتعیش شادی کے عنوان پر بن بیاہی بیٹھے رہنا دردمندان ملت کیلئے اضطراب کا باعث ہے۔ تحریک مسلم شبان کی یہ مہم کالجس، مساجد، بازاروں میں چلائی جارہی ہے۔ ہینڈ بلس بڑی تعداد میں طبع کئے گئے ہیں اور ملت کی حمایت اس مہم کو حاصل ہورہی ہے۔ ایک کھانا ایک میٹھا مہم کی کمیٹی نے دردمندان ملت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں سرگرمی سے شامل ہوں۔ قدیم ملک پیٹ پانی کی ٹانکی صداقت ہاؤز پر صبح 10 تا 12 بجے تک ربط پیدا کریں ۔

TOPPOPULARRECENT