Sunday , April 22 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر حیدرآبادمیں چلڈرنس فلم فیسٹیول جاری

شہر حیدرآبادمیں چلڈرنس فلم فیسٹیول جاری

حیدرآباد11نومبر (یو این آئی) شہر حیدرآبادمیں چلڈرنس فلم فیسٹیول میں بچوں کا جوش وخروش دیکھنے لائق ہے ۔یہ بچے مختلف ریاستوں سے چلڈرنس فلم فیسٹیول میں حصہ لے رہے ہیں جس کا موضوع نیا ہندوستان دیا گیا ہے، شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے اضلاع میں بھی بچوں کی فلمیں دکھائی جارہی ہیں۔اس مرتبہ ننھے ہدایت کار زمرہ میں بچوں کی جانب سے بنائی گئی فلموں کی بھی نمائش کی جارہی ہے ۔اس فیسٹیول کے دوران زائد از100 ممالک کی تقریبا 317فلمیں حیدرآباد کے 40سنیما ہالس کے علاوہ ریاست بھر کے ضلع ہیڈ کوارٹرس پر نمائش کیلئے پیش کی جارہی ہیں۔اس فلمی میلہ میں اداکارہ دیا مرزا نے بھی شرکت کرتے ہوئے بچوں کا حوصلہ بڑھا یا۔انہوں نے کہاکہ جنگلات اور فطرت کے تحفظ کے ذریعہ ہی بنی نوع انسان کا تحفظ ممکن ہے ۔یہ ایک اہم لمحہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم کو جانوروں اور پرندوں کو ہونے والے نقصان سے بچانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئے ۔انہوں نے اس فلمی میلہ کو کافی بہتر قراردیا۔اس موقع پر بچوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلمی میلہ ان کیلئے ایک اہم چیز قرار دیا اور کہا کہ میلہ میں ان کو کئی فلمیں دیکھنے کا موقع ملا۔
ان میں کئی اہم فلمیں ہیں جن سے ان کو ایک پیام مل رہا ہے ۔حیدرآباد بچوں کے لئے فلم سازی کی سرگرمیوں کے لئے ایک بڑے مرکز کے طورپر ابھر رہا ہے ۔حیدرآباد کو اس فیسٹیول کے لئے مستقل مرکز بنانے پر بھی غورکیا جارہا ہے ۔دو دن پہلے بچوں کے اس اہم فلمی میلہ کا آغاز بڑے پیمانہ پر حیدرآبادمیں ہوا تھا۔اس اہم میلے میں زائد از 100فلمیں مسابقتی زمرہ کے تحت دکھائی جارہی ہیں۔اس فیسٹیول کے لئے دنیا بھر کے 109ممالک سے ریکارڈ تعداد میں 1402عرضیاں بشمول لٹل ڈائرکٹر زمرہ کے تحت 31ممالک سے 179عرضیاں وصول ہوئیں تھیں۔ اس مرتبہ اس فیسٹیول کے لئے عالمی سطح کی بعض مشہور فلمیں دکھائی جارہی ہیں۔

 

TOPPOPULARRECENT