Saturday , February 24 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر حیدرآباد میں نائٹ بازار قائم کرنے کی تجویز

شہر حیدرآباد میں نائٹ بازار قائم کرنے کی تجویز

تجارتی سرگرمیوں کو قانونی حیثیت فراہم کرنے کا منصوبہ ، محکمہ سیاحت کا غور
حیدرآباد۔ 8نومبر(سیاست نیوز) شہر میں رات کے اوقات میں جاری تجارتی سرگرمیوں کو قانونی حیثیت فراہم کی جائے گی! حکومت تلنگانہ کے محکمہ سیاحت کی جانب سے شہر کے سیاحتی مقامات پر رات کے اوقات میں نائٹ بازار کے تجربات کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ موسم سرما کے دوران ان نائٹ بازاروں کے تجربات کو ممکن بنایا جائے گا کیونکہ سرما کے دوران رات کے اوقات میں کم تعداد میں باہر نکلتے ہیں اسی لئے نائٹ بازار کے چلن اور اس کے تجارتی فوائد کا جائزہ لیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے سیاحتی مقامات کے قریب رات کے وقت عارضی نائٹ بازار شروع کرنے کے عمل کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ شہر کے کئی مقامات پر رات کے وقت اشیائے خورد و نوش کی فروخت عروج پر ہے اور محکمہ پولیس و مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ان تجارتی سرگرمیوں کو روکنے سے قاصر نظر آتے ہیں اور محکمہ سیاحت کی جانب سے رات کے وقت جاری رہنے والی ان سرگرمیو ںکو مرکزی مقام فراہم کرتے ہوئے عارضی بازار لگائے جانے کے سلسلہ میں غور کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے ذریعہ حکومت کی آمدنی میں اضافہ کے اقدامات کے علاوہ سیاحوں کو رات کی تفریح کے مواقع فراہم کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے شہر میں ایسے 5مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں 20تا25 عارضی اشیائے خورد و نوش کے مراکز لگانے کی اجازت فراہم کی جائے گی اور اس جگہ کی فراہمی کے لئے کرایہ وصول کرنے کے علاوہ اس مقام پر کی جانے والی فروخت میں متعلقہ محکمہ کا حصہ بھی رکھا جائے گا۔ رات کے اوقات میں شہر حیدرآباد میں اشیائے خورد و نوش کی فروخت کے چلن کا مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور محکمہ سیاحت دونوں کی جانب سے فائدہ اٹھانے کے متعلق یہ منصوبہ تیار کیا جا رہاہے کیونکہ متعدد کوششوں کے بعد محکمہ پولیس کو رات کے اوقات میں اشیائے خورد و نوش کے مراکز کو رات کے وقت بند کروانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور شہر کے ہر علاقہ میں ایک ایسا مقام موجود ہے جہاں رات دیر گئے تک یہ سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ اسی لئے محکمہ سیاحت کی جانب سے ’’کھانا بازار‘‘ کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں مشاور ت کا عمل جاری ہے اور اس سلسلہ میں ابھی صرف محکمہ سیاحت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے درمیان بات چیت کی اطلاعات ہیں کہا جار ہا ہے کہ دونوں محکمہ جات کی جانب سے منصوبہ کی تیاری کے بعد سیاحتی مراکز کے نگران محکمہ جات و اداروں کے ذمہ داروں سے بات چیت کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT