Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر حیدرآباد کو عصری اور ترقی یافتہ بنانے امریکہ کا ممکنہ تعاون

شہر حیدرآباد کو عصری اور ترقی یافتہ بنانے امریکہ کا ممکنہ تعاون

امریکی مئیر جیم برنارڈ کی حیدرآباد آمد ، پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد ۔ /19 نومبر (سیاست نیوز)  امریکی میئر مسٹر جیم برنارڈ حیدرآباد کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں جہاں وہ شہر حیدرآباد کو عصری اور ترقی یافتہ بنانے میں ممکنہ تعاون کریں گے۔ مسٹر جیم برنارڈ امریکی شہر کارمیل کے مسلسل پانچ میعاد سے میئر مقرر ہوتے آرہے ہیں اور وہ شہری ترقی میں غیرمعمولی تجربہ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے 1996 ء میں پہلی مرتبہ کارمیل سٹی کے میئر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی تھی اور ان کی نمایاں کارکردگی کے سبب گزشتہ پانچ میعادوں سے وہ اس عہدہ پر فائز ہوتے آرہے ہیں ۔  انہوں نے اپنے تاثرات میں یہ بتایا ہے کہ وہ شہر حیدرآباد سے بے انتہا متاثر ہوئے ہیں اور اس شہر کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے اپنا ہرممکن تعاون کرنے کی  پیشکش کی ہے ۔ مسٹر برنارڈ نے بتایا کہ کارمیل سٹی کی ترقی کیلئے انہوں نے نمایاں کارکردگی کی ہے جس کے نتیجہ میں وہاں کی آبادی 25 ہزار سے 80 ہزار کو پہونچ گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی شہر کو سبز بنانے کیلئے کئی پودے لگائے تھے جو آج شہر کی خوبصورتی کا سبب بن گئے ہیں ۔ مسٹر برنارڈ نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں بتایا کہ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ اور آؤٹر رنگ روڈ سے وہ بے حد متاثر ہوئے ہیں اور کہا شہر حیدرآباد کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے کچرے کی نکاسی بے حد ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی ‘آگرہ ‘ جئے پور سے تقابل کیا جائے تو شہر حیدرآباد ایک نمایاں مقام رکھتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کارمیل سٹی میں کچرے کی نکاسی کیلئے ہائی پاور اسٹریٹ کلینرس کا استعمال کیا جاتا ہے اور فضائی آلودگی کو کم کرنے کیلئے ہائبریڈ کارس کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کاریں الیکٹرک اور گیاس سے چلائی جاتی ہیں جس کے نتیجہ میں فضائی آلودگی نہیں کے برابر ہوتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT