Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر حیدرآباد میں ’’بستی دواخانہ‘‘ کا قیام

شہر حیدرآباد میں ’’بستی دواخانہ‘‘ کا قیام

نئی دہلی میں کلینکس کے جائزہ کے بعد میئر اور کمشنر بلدیہ کا فیصلہ
حیدرآباد۔14مئی (سیاست نیوز) دہلی کے طرز پر شہر حیدرآباد میں بھی محلہ کلینک قائم کئے جائیں گے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادنے فیصلہ کیا ہے کہ بلدی حدود میں موجود 5000سے زائد آبادی والی سلم بستیوں میں دہلی کے محلہ کلینک کے طرز پر ’ بستی دواخانہ‘ قائم کیا جائے گا۔ گذشتہ دنوں دہلی میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کے دوران مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن کے علاوہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے دہلی کے محلہ کلینکس کا معائنہ کرتے ہوئے ان میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق آگہی حاصل کی۔ بعد ازاں جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا کہ شہر حیدرآباد کے سلم علاقوں میں شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ صحت عامہ و حفظان صحت کو یقینی بنانے کے لئے اس طرح کے محلہ کلینکس انتہائی کارکردثابت ہو سکتے ہیں اسی لئے ان محلہ کلینکس کو حیدرآباد میں خانگی عوامی شراکت داری کے ذریعہ فوری شروع کیا جائے گا۔مئیر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ شہر کے سلم علاقوں کے مکینوںکو معیاری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انہیں حفظان صحت و علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں اسی لئے دورہ دہلی کے دوران محلہ کلینک کے مثبت نتائج کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ جلد ہی شہر حیدرآباد میں ’بستی دواخانہ ‘ کے نام سے اس اسکیم کو روبعمل لایاجائے تاکہ عوام کو سہولت بہم پہنچائی جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ بلدی عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ سلم بستیوں کی آ بادیوں کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کو قطعیت دی جائے گی کہ ابتداء میں کتنے دواخانوں کا آغاز کیا جائے۔ اس سلسلہ میں مسٹر بی رام موہن اور کمشنر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اعلی سطحی اجلاس منعقدکرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے اور منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے امور کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ محلہ کلینک کے طرز پر شہریوں کو معیاری دواخانوں کی فراہمی کیلئے بڑی کمپنیوں اور عوامی تعاو ن حاصل کرتے ہوئے تیزی کے ساتھ اس منصوبہ کو جامہ عمل آوری کے قابل بنایا جائے گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ماہ کے اواخر میں بلدی حدود میں ’بستی دوخانہ ‘ شروع کردیئے جائیں گے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT