شہر میں بی جے پی کی بوتھ سطح پر سرگرمیاں

مقامی مسائل پر پارٹی کی توجہ ، ایم ایل سی رامچندر راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے ایم ایل سی مسٹر این رامچندر راؤ نے کہا کہ پارٹی حیدرآباد میں بوتھ واری توجہ دے رہی ہے اور بوتھ سطح پر سرگرمیاں جاری ہیں ۔ آج یہاں نمائندہ سیاست سے بات کرتے ہوئے رامچندر راؤ نے کہا کہ پارٹی مقامی مسائل پر توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام ٹی آر ایس پر برہم ہیں جس نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران بہت سارے وعدے کئے تھے لیکن ان میں سے کسی وعدہ کو پورا نہیں کیا جاسکا ۔ جس کی وجہ عوام ناراض اور برہم ہیں اور ان کی اس برہمی کا اظہار وہ بی جے پی کو ووٹ دیتے ہوئے کریں گے ۔ عوام اس خیال سے عاجز آگئے ہیں کہ شہر میں مجلس حکمرانی کررہی ہے اور حکمران جماعت نے مجلس کو چھوٹ دے دی ہے اور اس کے مشوروں کے مطابق کام کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجلس کے نہ کہنے پر حکومت نے پرانے شہر میں میٹرو ریل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا اسی طرح ایم آئی ایم نے نظام کی تعریف کرنے کا مطالبہ کیا تو ٹی آر ایس نے ایسا کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جہاں تک خوش کن سیاست کی بات ہے یہ حکومت کانگریس سے بھی زیادہ خراب ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیڈرس اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بی جے پی میں شامل ہورہی ہے جس کا خیر مقدم ہے ۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بی جے پی حیدرآباد اور اس کے اطراف 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT