Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں بے روزگاری پر قابو پانے جی ایچ ایم سی کا جاب میلہ

شہر میں بے روزگاری پر قابو پانے جی ایچ ایم سی کا جاب میلہ

سٹی کالج میں 8500 سے زائد نوجوانوں کا رجسٹریشن ، روزگار کا بہترین موقعہ
حیدرآباد ۔ 17مئی( سیاست نیوز) شہرمیں بیروزگار نوجوانوں کی بڑھتی تعداد پر قابو پانے اور ہر نوجوان کو اس کی صلاحیت کے اعتبار سے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی کوششوں کو نوجوانوں کی زبردست تائید حاصل ہو رہی ہے لیکن بلدیہ کی جانب سے کی جانے والی یہ کوششیں کس حد تک کامیاب ہو رہی ہیں یہ کہنا دشوار ہے۔ سٹی کالج میں منعقدہ جاب میلہ کے دوران 8500سے زائد نوجوانوں نے اپنا رجسٹریشن کروایا ہے لیکن ان رجسٹریشن کروانے والے نوجوانوں میں کتنے نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا یہ کہا جانا دشوار ہے کیونکہ ان نوجوانوں سے جب دریافت کیا گیا کہ وہ کتنی مرتبہ جاب میلہ میں شرکت کر چکے ہیں تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ بیشتر نوجوان مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے منعقد کیئے جانے والے ہر جاب میلے میں شرکت کر رہے ہیں لیکن ان کی قسمت ساتھ نہیں دے رہی ہے۔ بلدیہ کی جانب سے شہر کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے نوجوانوں کے متعلق فکر کرنا بہت اچھا ہے لیکن اگر یہ فکر صحیح سمت میں کی جائے تو حالات کو تیزی سے بدلاجا سکتا ہے۔ جاب میلہ کے دوران شرکت کرنے والے نوجوانوں کے انٹرویوز اور انہیں ملازمتیں فراہم کرنے کی غرض سے 40کمپنیوں کے شعبہ انسانی وسائل کے عہدیدار سٹی کالج میں موجود تھے ۔اس دو روزہ جاب میلے میں ڈپٹی مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادجناب بابا فصیح الدین کے علاوہ منتخبہ عوامی نمائندے موجود تھے۔ اس دو روزہ جاب میلہ کے دوران کتنی ملازتیں فراہم کی جائیں گی اس کے متعلق کوئی وضاحت نہیں ہے لیکن نوجوانوں کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ جو ملٹی نیشنل کمپنیاں انٹرویوز منعقد کر رہی ہیں وہ صلاحیتوں اور تعلیمی لیاقت کے اعتبار سے ملازمت و تنخواہ کا پیشکش کریں گی ۔ آج سے شروع ہوئے دو روزہ جاب میلہ میں ایس ایس سی ‘ انٹر ‘ ڈگری‘ ایم بی اے ‘ ایم سی اے‘ بی ٹیک طلبہ نے شرکت کی جو آج رجسٹریشن کروا چکے ہیں ان کیلئے کل سرکردہ کمپنیوں کی جانب سے انٹرویو منعقد کئے جائیں گے۔ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین نے جاب میلہ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت تلنگانہ اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بیروزگار نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کیلئے مختلف کمپنیوں سے تعاون حاصل کیا جارہا ہے تا کہ شہر سے بیروزگاری کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔ اس جاب میلہ میں زونل کمشنر بلدیہ ساؤتھ زون مسٹر سرینواس ریڈی‘ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائن ‘ ایڈیشنل ڈی سی پی جناب محمد عبدالرحمن عرف بابو راؤ کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ عہدیداروں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے استفادہ حاصل کریں اور اپنے مستقبل کو تابناک بنانے پر توجہ مرکوز کرے۔

TOPPOPULARRECENT