Friday , April 20 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر میں ترقیاتی کاموں ، ایم ایم ٹی ایس دوسرے مرحلہ کا جائزہ

شہر میں ترقیاتی کاموں ، ایم ایم ٹی ایس دوسرے مرحلہ کا جائزہ

زیر التواء کاموں کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے محکمہ ریلوے اور جی ایچ ایم سی میں تال میل پر زور
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شہر میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ ایم ایم ٹی ایس ٹرین کے دوسرے مرحلے کا جائزہ لیا ۔ چیرلہ پلی ریلوے ٹرمنل ، ناگول پلی میں ملٹی ماڈل لاجسٹکس ہب ، ریلوے انڈر برجس ، ریلوے اوور برجس کا جائزہ لیا ۔ میٹرو ریل بھون بیگم پیٹ میں منعقدہ اجلاس میں ساوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر ونود یادو ، ریلوے کے دوسرے عہدیداروں کے ساتھ کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن جناردھن ریڈی کے علاوہ دوسرے عہدیدار نے شرکت کی ۔ شہر حیدرآباد میں جاری ترقیاتی کاموں میں جی ایچ ایم سی اور محکمہ ریلوے کے درمیان زیر التواء کاموں پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ اس اجلاس میں زیر التواء کاموں کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے جی ایچ ایم سی اور محکمہ ریلوے کے درمیان تال میل پیدا کرتے ہوئے کام کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ آنند باغ ، ہائی ٹیک سٹی ، کوکٹ پلی ، تکارام گیٹ ، بلارم ، چرلہ پلی ، شاستری پورم ، فلک نما ، اپو گوڑہ کے پاس 10 سے زیادہ آر یو بی ، آر او بی کے کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ۔ چند مقامات پر حصول اراضیات ، برساتی نالوں کی تعمیرات ، اپروچ روڈ ، کی نشاندہی کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی اور محکمہ ریلوے عہدیداروں کے مشترکہ دورے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے مختلف تعمیری مرحلوں میں پائے جانے والے برجس کو جلد از جلد تعمیر کرنے کی خواہش کی جس سے جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے نے اتفاق کیا ۔ کے ٹی آر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات یو ایس آر ڈی پی سڑک توسیع کے لیے ضرورت کے مطابق محکمہ ریلوے کی اراضی جی ایچ ایم سی کے حوالے کرنے کی جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے ونود یادو سے اپیل کی دہلی میں مرکزی وزیر ریلوے سے ملاقات میں مثبت تیقن حاصل ہونے کا حوالہ دیا ۔ ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے زیر التواء کاموں کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے آئندہ دو ہفتوں میں جی ایچ ایم سی اور محکمہ ریلوے کے عہدیداروں کا ایک اور اجلاس طلب کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا تب تک ناگولہ پلی میں قائم ہونے والے ملٹی ماڈل لاجسٹکس پر تفصیلات کے ساتھ پہونچنے کی ایچ ایم ڈی اے کمشنر کو ہدایت دی ۔ میٹرو ریل کے کاموں کا بھی کے ٹی آر نے جائزہ لیا ۔ میٹرو ریل کے عہدیداروں کے علاوہ ایل اینڈ ٹی ادارے کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلات حاصل کی ۔ بالخصوص ایل بی نگر تا میاں پور اور ہائی ٹیک سٹی تا جے بی ایس کاریڈار کے درمیان جاری کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔۔

TOPPOPULARRECENT