Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر میں جلد جنوبی کوریا کا قونصل خانہ قائم ہوگا۔ کے ٹی آر کے دورہ کے موقع پر تبادلہ خیال

شہر میں جلد جنوبی کوریا کا قونصل خانہ قائم ہوگا۔ کے ٹی آر کے دورہ کے موقع پر تبادلہ خیال

حیدرآباد۔/23جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ اور ساؤتھ کوریا کے تیزی سے فروغ حاصل کررہے تعلقات کے درمیان یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ بہت جلد شہر حیدرآباد میں کوریا کا قونصل خانہ شروع کیا جائے گا۔ حیدرآباد میں فی الحال امریکہ، ایران، ترکی کے قونصل خانوں کے علاوہ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کا دفتر موجود ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں آسٹریلیائی تجارتی سرگرمیوں کیلئے آسٹریلیا کا خصوصی دفتر خدمات انجام دے رہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کوریا کی جانب سے شہر حیدرآباد میں قونصل خانہ کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے اور حالیہ عرصہ میں ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ کے دورہ کوریا کے دوران بھی اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا جاچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کوریائی تجارتی و صنعتی اداروں کی سرمایہ کاری میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بھی اس بات کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ شہر میں ساؤتھ کوریا کے قونصل خانہ کے قیام کی راہ ہموار کی جائے تاکہ سرمایہ کاروں کی رغبت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ کوریا سے تعلق رکھنے والی ادویہ ساز کمپنیوں کی دلچسپی حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں سرمایہ کاری کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں اور ان حالات میں قونصل خانہ کے آغاز سے ریاست کے کوریا کے تعلقات میں مزید استحکام ہوگا۔بتایا جاتا ہے کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کی جانب سے کوریا کے طلباء کیلئے خصوصی کورسیس متعارف کروانے کے علاوہ کورین زبان میں کورسیس متعارف کروائے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کوریا سے تعلق رکھنے والے صنعتی اداروں میں برقی پیداوار کے علاوہ دیگر اداروں نے بھی تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھانی شروع کی ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ کے دورہ سیؤل کے موقع پر یادداشت مفاہمت پر دستخط بھی کئے جاچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT