Sunday , November 19 2017
Home / جرائم و حادثات / شہر میں سڑک حادثے، 4 ہلاک

شہر میں سڑک حادثے، 4 ہلاک

حیدرآباد 11 اگسٹ (سیاست نیوز) حیدرآباد و سائبرآباد میں پیش آئے مختلف سڑک حادثات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ ماریڈ پلی پولیس کے بموجب 35 سالہ آر ملیش ساکن تکارام گیٹ جو پیشہ سے واچمین بتایا گیا ہے، کل رات دیر گئے گیتا نرسنگ ہوم کے قریب سڑک عبور کررہا تھا کہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے ٹکر دے دی جس کے نتیجہ میں وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ ایک اور واقعہ میں 29 سالہ پروین کمار اگروال ساکن بشیر باغ جو اپنی موٹر سائیکل پر بیدر سے شہر واپس ہورہا تھا کہ معین آباد چوراہا کے قریب کل رات وہ اچانک حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے اسے دواخانہ منتقل کیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ ہمایوں نگر پولیس کے بموجب 52 سالہ شیخ نبی ساکن سید نگر فرسٹ لانسر جو پیشہ سے پینٹر بتایا گیا، کل رات ہمایوں نگر سے گزر رہا تھا کہ تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اُسے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں شیخ نبی برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے بس ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں 40 سالہ وی ستیہ نارائنا جو 9 اگسٹ کو اتفاقی طور پر سڑک حادثہ کا شکار ہوگیا تھا، دوران علاج کل رات فوت ہوگیا۔

TOPPOPULARRECENT