Tuesday , January 23 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر میں عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر

شہر میں عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر

حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں عظیم الشان تیاریاں عروج پر ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر جہاں پر جلسہ ہائے سیرت طیبہ و جشن میلادالنبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے وہیں محافل نعت پاک صلی اللہ علیہ و سلم بھی منعقد کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں شہروں کے مختلف مقامات پ

حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں عظیم الشان تیاریاں عروج پر ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر جہاں پر جلسہ ہائے سیرت طیبہ و جشن میلادالنبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے وہیں محافل نعت پاک صلی اللہ علیہ و سلم بھی منعقد کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر نوجوانوں کی جانب سے محلوں میں سجاوٹ کے کام جاری ہیں۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں بالخصوص کوٹلہ عالیجاہ، یاقوت پورہ، قاضی پور، مغل پورہ، تالاب کٹہ، سلطان شاہی، کالاپتھر، شاہ علی بنڈہ، پرانی حویلی، منڈی میر عالم، بیگم بازار، حسینی علم، دودھ باؤلی، مصری گنج وغیرہ میں زبردست تیاریاں جاری ہیں۔ شہر کی اہم سڑکوں پر عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کے موقع پر خصوصی برقی قمقمے لگائے گئے ہیں جس سے شہر کی اہم سڑکیں بقعہ نور بن چکی ہیں۔ افضل گنج کے قریب گزشتہ یوم ہی عید میلادالنبی ﷺ کے لئے خصوصی سجاوٹ کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ یاقوت پورہ بڑا بازار میں گزشتہ دو یوم سے سجاوٹ کے کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔

دونوں شہروں میں جہاں عید میلادالنبی ﷺ کی مبارکباد کے لئے سیاسی جماعتوں و سماجی تنظیموں کی جانب سے فلیکس بورڈ نصب کئے گئے ہیں وہیں سالِ گزشتہ جامعہ نظامیہ کی جانب سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کے موقع پر خرافات سے محفوظ رہنے کے سلسلہ میں جاری کردہ فتوے کے بھی خصوصی فلیکس بورڈ نصب کئے گئے ہیں۔ 12 ربیع الاول بروز منگل عید میلادالنبی ﷺ منعقد ہے۔ اِس موقع پر گزشتہ چند برسوں سے شہر میں عظیم الشان جلوس کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ اس سال بھی 12 ربیع الاول کو حسب سابق عظیم الشان جلوس کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اِس جلوس کے سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ عید میلادالنبی اور تلسنکرات دونوں ایک ہی دن ہونے کے سبب محکمہ پولیس کی جانب سے غیرمعمولی چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ گزشتہ یوم محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے نیم فوجی دستوں کے ہمراہ مشیرآباد کے علاقوں میں امن مارچ منعقد کیا تھا۔

اِسی طرح آج ساؤتھ زون کے مختلف علاقوں میں محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار نیم فوجی دستوں کے ساتھ گھومتے دیکھے گئے تاکہ امن و ضبط کی برقراری کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جاسکیں۔ حیدرآباد میں 11 و 12 ربیع الاول کو دونوں شہروں کے اہم مرکزی مقامات پر مرکزی جلسہ ہائے عید میلادالنبی ﷺ منعقد ہوتے ہیں جس میں 11 ربیع الاول کی شب دارالسلام میں منعقد ہونے والا جلسہ میلادالنبی ﷺ شامل ہے۔ اِسی طرح حسب روایت کل ہند مجلس تعمیر ملت کی جانب سے 12 ربیع الاول کی صبح 9 بجے جلسہ سیرت طیبہ منعقد کیا جاتا ہے جوکہ نمائش میدان میں ہوا کرتا تھا لیکن گزشتہ چند برسوں سے یہ جلسہ عام نظام کالج منتقل کردیا گیا ہے۔ جس کی وجہ ماہ جنوری میں 12 ربیع الاول کی آمد ہے۔

مجلس تعمیر ملت کے علاوہ دیگر مذہبی تنظیموں کی جانب سے بھی جلسہ عید میلادالنبی ﷺ کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و سلم کے خشوع و خضوع کے ساتھ انعقاد کے لئے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے اپنے ماتحتین کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ فوکس اور تنظیم رشاد المسلمین کی جانب سے جشن میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد کیا جارہا ہے تاکہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و سلم کی ولادت باسعادت کے موقع پر ضرورت مندوں کو خون کا عطیہ دیا جاسکے۔ 12 ربیع الاول کی صبح 8 بجے اِن خون کے عطیہ کیمپس کا آغاز ہوگا جوکہ آصفیہ سنٹرل لائبریری افضل گنج کے علاوہ عیدگاہ بالامرائی میں منعقد ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT