Sunday , November 18 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر میں لاریوں کے داخلہ پر پابندی کے باوجود آمد و رفت برقرار

شہر میں لاریوں کے داخلہ پر پابندی کے باوجود آمد و رفت برقرار

مسافروں کو خطرہ لاحق ، محکمہ ٹریفک اور بلدیہ سے رپورٹ کی تیاری
حیدرآباد۔6اپریل(سیاست نیوز) شہر میں لاریوں کا داخلہ ممنوع قرار دیئے جانے وکے باوجود شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر رات ہوتے ہی بھاری مال سے لدی لاریوں کی آمد سے شہر کی سڑکیں متاثر ہونے کے علاوہ رات کے اوقات میں سفر کرنے والوں کے لئے خطرات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں لاریوں کے داخلہ کو روکنے کے لئے شہر کے اطراف میں رنگ روڈاور آٹو نگر بنائے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی لاریوں کے شہر میں داخلہ اور رات کے اوقات میں بے ہنگم رفتار سے گاڑیاں چلائے جانے کے باعث راہگیر خوفزدہ ہونے لگے ہیں۔شہر کے محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے خانگی بسوں کے داخلہ کو بند کئے جانے کے فیصلہ کی ستائش کرتے ہوئے شہریوں کی جانب سے اس بات کی بھی خواہش کی جا رہی ہے کہ لاریوں کے داخلہ کو بھی مکمل بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ رات کے اوقات میں شہر کی سڑکوں پر لاریوں کی آمد کا سلسلہ بند ہو۔حیدرآباد کی سڑکوں پر لاری سے حادثہ کے بعد چند یوم تک بلکہ چند ہفتوں تک لاریوں کے داخلہ پر عائد پابندی پر سختی کی جاتی ہے لیکن دوبارہ لاریوں کی آمد و رفت شروع ہوجاتی ہے ۔محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے اگر لاریوں کی آمد کو روکنے کے لئے مستقل اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں شہر کی سڑکیں بھی محفوظ رہیں گی اور شہری بھی مطمئن رہ پائیں گے۔بتایاجاتاہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بھی محکمہ ٹریفک پولیس کو اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کرنے کے متعلق غور کیا جا رہاہے کہ کیونکہ بلدی عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر کی سڑکوں کی جلد خرابی کی بنیادی وجہ بھی مال سے لدی لاریوں کا گذرنا ہے۔جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں لاریوں کے داخلہ پر مکمل امتناع کی صورت میں سڑکوں کی خرابی کی شکایات کم ہونے کا امکان ہے اسی لئے اس پابندی پر سختی کروائی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT