Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں وقفہ وقفہ سے بارش ، موسم سرد

شہر میں وقفہ وقفہ سے بارش ، موسم سرد

تلنگانہ اور آندھرا میں کئی مقامات پر ہلکی تا تیز بارش کا امکان
حیدرآباد۔ 24 اگست(سیاست نیوز) تلنگانہ اور دارالحکومت حیدرآباد میں گزشتہ چند دن سے اوسط سے تیز بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حیدرآباد میں اگرچہ زیادہ بارش نہیں ہوئی، لیکن تلنگانہ کے دیگر اضلاع جیسے بھدراچلم میں 22 ملی میٹر اور راماگنڈم میں سب سے کم 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جنوبی اُڈیشہ میں طوفان کا اثر ظاہر ہوا ہے، اور اسکائی میٹ نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تلنگانہ میں کئی مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ شہر میں اعظم ترین درجہ حرارت 32 تا 34 ڈگری اور اقل ترین 23 تا 25 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اضلاع عادل آباد، حیدرآباد، کھمم، میدک، نلگنڈہ اور ورنگل میں ہلکی تا تیز بارش ہوسکتی ہے۔ بارش کا یہ اثر ریاست کے کئی حصوں میں برقرار ہے اور بعض مقامات پر انتہائی تیز بارش کا امکان ہے۔ طوفان کا اثر ودربھا اور وسطی مہاراشٹرا کی طرف بڑھ جانے پر تلنگانہ میں بارش کا زور بھی کم ہوگا۔ 23 اگست تک تلنگانہ میں 12 فیصد کم بارش ہوئی ہے جبکہ حیدرآباد میں 72.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن کے دوران ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آج جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی خلیج بنگال اور اطراف طوفان کا اثر ساحلی اڈیشہ اور اطراف کے علاقوں میں چھایا ہوا ہے۔ یہ سطح سمندر سے اوپر 1.5 اور 7.6 کیلومیٹر کے درمیان ہے۔آج بھی شہر اور مضافات میں موسم سرد رہا اور کئی مقامات پر ہلکی تا تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ حیدرآباد اور مضافات میں مطلع ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT