Tuesday , September 25 2018
Home / جرائم و حادثات / شہر میں ڈرگس ریاکٹ بے نقاب

شہر میں ڈرگس ریاکٹ بے نقاب

ایک طالب علم اور سافٹ ویر ملازم گرفتار ، ممنوعہ ڈرگس برآمد
حیدرآباد /14 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) جشن سال نو کے پیشہ نظر ٹاسک فورس نے شہر میں ایک ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد بشمول ایک طالب علم اور سافٹ ویر ملازم کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ممنوعہ ایل ایس ڈی ڈرگس برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر رادھا کشن راؤ نے بتایا کہ 29 سالہ کے روہت ساکن ویسٹ ماریڈپلی طالب علم ہے اس نے اپنے ساتھی 30 سالہ سافٹ ویر ملازم وکی کروناکر سالیان کی مدد سے شہر میں ایل ایس ڈرگس کے اسٹامپس فروخت کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ روہت نے سکندرآباد علاقہ میں ویب سلوشنس کا کام شروع کیا تھا اور نقصان کے سبب اس نے یہ کاروبار ترک کرلیا تھا ۔ وکی کروناکر جس کا تعلق ممبئی سے ہے سال 2011 میں شہر منتقل ہوا اور وہ اپنی دادی کے پاس مقیم تھا ۔ وکی کروناکر روڈ نمبر 45 بنجارہ ہلز علاقہ میں واقع ایک سافٹ ویر کمپنی میں ملازمت کر رہا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ سال 2013 میں روہت کی ملاقات وکی سے ہوئی اور یہ دونوں گوا سے اسگلنگ کئے گئے ڈرگس لیا کرتے تھے ۔ شہر میں ایل ایس ڈی ڈرگس فروخت کرتے ہوئے آسانی سے روپئے کمانے کی غرض سے دونوں نے ممنوعہ منشیات حاصل کئے اور شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں ایل ایس ڈی اسٹامپس فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ٹاسک فورس پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ۔ اس کارروائی کے دوران پولیس نے گرفتار ملزمین کی قبضہ سے 12 ایل ایس ڈی اسٹامپس ، نقد رقم اور موبائل فونس برآمد کرتے ہوئے انہیں پولیس بنجارہ ہلز کے حوالے کردیا ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT