Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں ڈینگو کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ

شہر میں ڈینگو کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ

صاف صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے محکمہ صحت کے عہدیداروں کی عوام سے اپیل

حیدرآباد۔17اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں ڈینگو کے مریضوں کی نشاندہی ہونے لگی ہے اور شہر کے کئی علاقو ں میں معصوم بچوں اور نوجوانوں کے علاوہ ضعیف العمر افراد اس مرض میں مبتلاء ہونے لگے ہیںڈینگو ایک وبائی مرض ہے اور شہر میں اس کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ شہری انتظامیہ کی جانب سے حرکت میں نہ آنا تشویشناک ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقوں میں شدید بخار اور کھانسی کے علاوہ دیگر عوارض میں مبتلاء مریض ڈاکٹرس سے رجوع ہونے لگے ہیں اور خانگی دواخانوں سے رجوع ہونے والے ان مریضوں کی جانچ کے بعد ان میں ڈینگو کے اثرات پائے جانے لگے ہیں لیکن سرکاری طور پر اس کی توثیق نہیں کی جا رہی ہے ۔ محکمہ صحت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںکی جانب سے اس بات کا اعتراف کیا جا رہا ہے کہ شہر میں ڈینگو کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر میں گذشتہ دنوں ہونے والی بارش اور پانی جمع ہونے کی شکایات کے فوری بعد مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بلدی حدود میں مچھرکش ادویات کے چھڑکاؤ کیلئے اقدامات کا آغاز کیا جا چکا ہے اور بلدی حدود کے تمام علاقوں میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے تاکہ مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صاف صفائی کا خصوصی اہتمام کریں تاکہ انہیں کوئی وبائی امراض لاحق نہ ہوں اور انہیں مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر کے کئی علاقو ںمیں شہریوں کی جانب سے اس بات کی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے صفائی کا مناسب انتظام نہ کئے جانے کے سبب مچھروں اور وبائی امراض میں اضافہ ہورہا ہے۔ شہریوں نے محکمہ صحت کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ ڈینگو متاثرین کیلئے سرکاری دواخانو ںمیں علحدہ انتظامات کو ممکن بنایا جائے تاکہ وبائی امراض کا شکار مریض راست سرکاری دواخانوں سے رجوع ہوتے ہوئے اپنا علاج کروا سکیں۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں ڈینگو اور دیگر موسمی بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جانے لگے ہیں جن میں مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ اور کچہرے کی نکاسی کو ممکن بنایاجارہاہے ۔

TOPPOPULARRECENT