Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں گرمی کے ساتھ برقی بریک ڈاؤن

شہر میں گرمی کے ساتھ برقی بریک ڈاؤن

مختلف علاقوں میں غیر معلنہ کٹوتی ۔ کسی خلل کے بغیر برقی سربراہی ، حکام کا تیقن
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : شہر میں گرمی شروع ہونے کے ساتھ ہی وقفہ وقفہ سے برقی کی سربراہی بھی مسدود ہونے لگی ہے نتیجہ میں شہریوں کو دوہری مصیبت کا سامنا ہے ۔ لیکن برقی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مینٹیننس کا مسئلہ ہے ۔ موسم گرما کے دوران بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے فیڈرس اور ٹرانسفارمرس کی مرمت کے کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ اس وجہ سے یہاں وہاں برقی سربراہی میں خلل ہورہا ہے ۔ برقی حکام نے دعوی کیا ہے کہ گذشتہ سال فروری کے مقابل اس سال اس ماہ میں زائد مقدار میں برقی سربراہی ہورہی ہے ۔ گذشتہ سال کی بہ نسبت اس سال برقی طلب میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ماہ مئی میں جب کہ گرمی شدت کی ہوتی ہے یہ طلب مزید بڑھ جاتی ہے ۔ برقی حکام پُر اعتماد ہیں کہ طلب کے مطابق برقی سربراہ ہوگی ۔ دوسری طرف شہر کے مختلف علاقوں سے شکایات وصول ہوئی ہیں کہ وقفہ وقفہ سے برقی سربراہی میں خلل ہورہا ہے لیکن ایسا مختصر وقت کے لیے ہورہا ہے ۔ روزانہ کہیں نہ کہیں دن میں ایک مرتبہ دس تا پندرہ منٹ کے لیے برقی سربراہی بند ہورہی ہے ۔ شہر کے کچھ دوسرے علاقوں میں ایک سے زیادہ مرتبہ برقی سربراہی میں خلل پیدا ہو رہا ہے اور ایسا دس تا پندرہ منٹ کیلئے ہو رہا ہے ۔ ماڈل ٹاون کالونی جہاں نما الوال ، حیدرآباد کے مغربی اور شمالی علاقوں اور سکندرآباد کے مختلف علاقوں سے برقی بریک ڈاؤن کی شکایات وصول ہوئی ہیں ۔ ریاستی حکومت نے گذشتہ سال موسم گرما کی طرح اس سال موسم گرما میں بھی بے روک ٹوک برقی سربراہی کو یقینی بنانے کا یقین دلایا ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT