Monday , October 22 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر میں 1000 بستی دواخانوں کا قیام

شہر میں 1000 بستی دواخانوں کا قیام

محکمہ صحت اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں سے لکشما ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/13ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت لکشما ریڈی نے کہا کہ محکمہ صحت اور جی ایچ ایم سی نے ایک دوسرے کے تعاون و اشتراک سے گریٹر حیدرآباد میں 1000 ’’ بستی دواخانے ‘‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پائیلٹ پراجکٹ کے تحت پہلے50 بستی دواخانے قائم کئے جارہے ہیں۔ ہر سرکل کو ایک اور مجموعی طور پر 145 مرکزی ہیلت سنٹرس اور ہر زون میں ایک 100بستروں پر مشتمل ایک ایریا ہاسپٹل قائم کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ وزیر صحت لکشما ریڈی نے آج محکمہ صحت اور جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے حیدرآباد کو ہیلت سٹی میں تبدیل کرنے کا جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں میئر حیدرآباد بی رام موہن بھی موجود تھے۔ لکشما ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خصوصی ویژن سے جہاں عوام کی طبی خدمات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے وہیں سرکاری ہاسپٹلس میں بنیادی اور ضروری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جس سے غریب عوام کا سرکاری دواخانوں پر اعتماد بڑھا ہے۔ محکمہ صحت اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ایک دوسرے کے تعاون سے گریٹر حیدرآباد میں عوام کو مزید سہولت بخش طبی خدمات انجام دینے کیلئے بستی دواخانے قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پائیلٹ پراجکٹ کے تحت آ:ندہ دو تین ماہ میں 50 بستی دواخانے قائم کئے جائیں گے۔ عوامی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے بستی دواخانوں کی تعداد کو 1000 تک توسیع دی جائے گی۔ موجودہ 145 سی ایچ سی کے ساتھ سرکل کو ایک کے لحاظ سے مزید 30 سی ایچ سیز قائم کئے جائیں گے ۔ گریٹر حیدرآباد میں ہر زون میں ایک 100 بستروں پر مشتمل ایریا ہاسپٹل قائم کیا جائے گا۔ عوام کی صحت و تندرستی پر خصوصی توجہ دینے کیلئے محکمہ صحت اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں پر مشتمل ایک علحدہ شعبہ قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد میں عوامی صحت کی نگرانی کیلئے علحدہ سٹی ہیلت سوسائٹی قائم کی جائے گی۔ گلوبل سٹی کے طرز پر ترقی کرنے والے حیدرآباد کی صحت و تندرستی پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT