Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں 800 عدد عصری بس اسٹاپس تعمیر کرنے کی تجویز

شہر میں 800 عدد عصری بس اسٹاپس تعمیر کرنے کی تجویز

ایرکنڈیشنڈ بس اسٹاپس کا تجربہ کامیاب ، جی ایچ ایم سی کے اقدامات
حیدرآباد۔19مئی (سیاست نیوز) شہر میں 800نئے عصری سہولتوں سے آراستہ بس اسٹاپس کی تعمیر عمل میں لانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس منصوبہ کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عملی جامہ پہنایاجائے گا۔ ہائی ٹیک سٹی و گچی باؤلی کے علاوہ آئی ٹی کاریڈار میں تعمیر کئے گئے ائیر کنڈیشنڈ بس اسٹاپس کے طرز پرشہر کے دیگر مقامات پر بھی بس اسٹاپس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور اس سلسلہ میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن و مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو مشترکہ سروے کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں ۔اس سروے کی تکمیل کے فوری بعد دونوں شہروں کے مصروف ترین علاقوں میں ان بس اسٹاپس کی تعمیر کے متعلق فیصلہ کو قطعیت دی جائے گی اور یہ کام تین مرحلوں میں مکمل کئے جائیں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے اس سلسلہ میںجی ایچ ایم سی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ منصوبہ کو قطعیت دیتے ہوئے ٹنڈر کی طلبی کا عمل شروع کرے۔ عہدیداروں کے بموجب حکومت کی جانب سے احکامات کی وصولی کے بعد سابق میں جن مقامات پر بس اسٹاپ موجود تھے ان بس اسٹاپس کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور جن مقامات پر بس روکی جاتی ہے ان مقامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی علاقو ںمیں بس اسٹاپ موجود نہ ہونے کے سبب بس مسافرین کی تعداد میں کمی واقع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے لیکن ٹی ایس آر ٹی سی کے عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ بس مسافرین کی تعداد میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی لیکن مسافرین کو سہولتوںکی عدم فراہمی کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ مزید ایسی ہی صورتحال برقرار رہی تو آر ٹی سی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاست کے صدر مقام کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت شہر میں نئے معیاری اور عصری سہولتوں سے لیس بس اسٹاپس کی تعمیر کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے درکار مالیہ کے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں جہاں آر ٹی سی کی جائیداد موجود ہے ان بس اسٹاپس کو پہلے مرحلہ میں ترقی دی جائے گی اور سڑک کے کنارے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جگہ پر تعمیر کئے گئے بس اسٹاپس کو دوسرے مرحلہ میں ترقی دی جائے گی جبکہ آخری مرحلہ میں خانگی جائیدادوں کے روبرو بس اسٹاپ کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT