Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر میں 826 عصری بس شلٹرس کی تعمیر

شہر میں 826 عصری بس شلٹرس کی تعمیر

مفت وائی فائی، ایف ایم ریڈیو، آرام دہ نشستوں کی فراہمی
حیدرآباد 19 ستمبر (این ایس ایس) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد (جی ایچ ایم سی) نے 826 الٹرا ماڈرن بس شلٹرس کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے جو تمام سہولیات سے لیس ہوں گے۔ اِن شلٹرس میں مفت وائی فائی، ماڈرن پبلک ٹائلٹس، پینے کے پانی کی سہولت، ایف ایم ریڈیو، بہترین آرام دہ نشستوں کا انتظام اور بسوں کی آمد و رفت سے متعلق الیکٹرانک آلات کے ذریعہ معلومات کی فراہمی کے علاوہ شہر کی بس روٹ کے بارے میں بھی تمام تر اطلاعات دستیاب رہیں گی۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ کی ہدایت پر اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ساتھ اِس پراجکٹ کو عملی شکل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ پہلے پیاکیج میں جملہ 110 نئے بس شلٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ 104 مقامات پر پہلے سے موجود بس شلٹرس کو منہدم کرتے ہوئے نئی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ اسی طرح دوسرے مرحلہ کے پیاکیج میں 119 نئے بس شلٹرس تعمیر ہوں گے جہاں 100 شلٹرس کو منہدم کیا جائے گا اور اِن کی جگہ نئے شلٹرس تعمیر ہوں گے۔ تیسرے مرحلہ میں 98 نئے بس شلٹرس تعمیر ہوں گے اور 96 پرانے شلٹرس کو منہدم کردیا جائے گا۔ اِسی طرح چوتھے مرحلہ میں 103 نئے شلٹرس تعمیر کئے جائیں گے جہاں 96 پرانے شلٹرس منہدم کردیئے جائیں گے۔ یہ بس شلٹرس انتہائی معیاری اور تمام سہولیات سے لیس ہوں گے جسے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے ذریعہ تعمیر کیا جارہا ہے۔ جی ایچ ایم سی نے بولیوں کے ذریعہ خانگی ادارے کے انتخاب کا فیصلہ کیا ہے جسے یہ پراجکٹ تفویض کیا جائے گا۔ اِس سلسلہ میں ماقبل بولی اجلاس طلب کیا گیا جہاں کمشنر جی ایچ ایم سی اور اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا عہدیداروں کے علاوہ اشتہاری ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انھیں پراجکٹ کے بارے میں تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔

TOPPOPULARRECENT