Thursday , April 26 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات، حادثات کے مقامات کی نشاندہی

شہر کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات، حادثات کے مقامات کی نشاندہی

خستہ حال سڑکوں اور ناقص سگنل پر تجاویز کا حصول، جی ایچ ایم سی سے سروے

حیدرآباد۔4فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں حادثات کے مقامات کی نشاندہی کا عمل مکمل کرتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ کمشنرمجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایاکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی سڑکوں کے سروے کے ذریعہ ان سڑکوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں حادثات کے خطرات زیادہ پائے جاتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سروے رپورٹ کے مطابق شہر میں ایسے 80مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں حادثات کا پیش آنا معمول کی بات بنتی جا رہی ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان مقامات کے متعلق ٹریفک پولیس کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد اس بات کا قطعی فیصلہ کیا جائے کہ ان مقامات پر Uٹرن اور یکطرفہ راستہ بنانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایاجاسکے۔ جے این ٹی یو کی مدد سے کئے گئے اس سروے کے دوران شہر کی سڑکوں کی خستہ حالی کے علاوہ نظام سگنل کو بہتر بنانے کے لئے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں اور جے این ٹی یو کے ماہرین نے جو سروے انجام دیا ہے اس رپورٹ میں شہر کے بیشتر مقامات پر ٹریفک سگنل نظام کو بہتر بنانے کی بھی سفارشات پیش کی ہیں اور ان سفارشات پر بھی ٹریفک پولیس سے مشاورت کے بعد عمل آوری کو یقینی بنانے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتاہے کہ شہر کی تمام سڑکوں بالخصوص مصروف ترین سڑکوں کے سروے کے دوران اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ اکثر تیز رفتار گاڑیوں پر عدم کنٹرول کے سبب حادثات پیش آتے ہیں اسی لئے شہر کے اندر موجود سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار پر کنٹرول کے سلسلہ میں بھی جی ایچ ایم سی کو تجاویز موصول ہوئی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ شہریوں کی زندگیوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے شہری حدود میں رفتار کی حد کے تعین کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے مشترکہ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا عہدیداروں کا کہناہے کہ شہری حدود میں رفتار کی حد مقرر ہونے کے باوجود تیز رفتاری سے گاڑیاں چلانے پر کوئی کنٹرول نہ ہونے کے سبب بھی حادثات رونما ہوتے ہیں لیکن جی ایچ ایم سی اور محکمہ پولیس کی جانب سے اب شہرکی سڑکوں پر بھی رفتار پر نظر رکھنے کیلئے مخصوص کیمروں کی تنصیب کے سلسلہ میں غور کیا جا رہاہے تاکہ حادثات پر قابو پانے میں کامیابی حاصل ہوسکے۔

TOPPOPULARRECENT