Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر کے تمام سلم علاقوں میں پانی کی قلت ، غریب عوام پریشان

شہر کے تمام سلم علاقوں میں پانی کی قلت ، غریب عوام پریشان

پانی کے ٹینکرس خریدنے کے متحمل نہیں ، محکمہ آبرسانی کی جانب سے سربراہی آب مسدود
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : دونوں شہروں حیدرآباد سکندرآباد کے تقریبا تمام سلم علاقوں میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے ۔ غریب عوام پانی کے حصول کے لیے پریشان ہیں ، پانی کے ٹینکرس خریدنے کے بھی متحمل نہیں ۔ محکمہ آبرسانی کی جانب سے بھی سربراہی آب مسدود کرنے کی شکایت کی جارہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل انتخابات کے دوران حکمراں ٹی آر ایس پارٹی نے شہریوں کو پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا تھا ۔ انتخابی کامیابی کے بعد پارٹی کے کارپوریٹرس عوام کے درمیان سے غائب ہوگئے ہیں ۔ گوشہ محل ، عابڈس اور اپل کے قریبی علاقوں میں بعض مقامات پر جی ایچ ایم سی کی جانب سے ٹینکر کے ذریعے پانی سربراہ کیا جارہا ہے لیکن یہ ناکافی ہورہا ہے ۔ شہر کو پانی کی سربراہی کے اہم ذخائر عثمان ساگر ، حمایت ساگر اور مانجرا خشک ہوگئے ہیں ۔ شہر کی این جی اوز کی جانب سے کروائے گئے سروے کے مطابق شہر کے قلب میں واقع سلم علاقوں میں پانی کی قلت تشویش ناک حد تک بڑھ گئی ہے ۔ سنٹرل زون میں 33 سلم علاقے ہیں ان میں سے 10 سلم علاقے مشیر آباد میں پائے جاتے ہیں ۔ ویسٹ زون میں شیر لنگم پلی ، کوکٹ پلی اور پٹن چیرو جیسے علاقوں میں 18 سلم علاقے ہیں ۔ ایسٹ زون میں 5 سلم علاقے اور ساوتھ زون پرانے شہر میں 9 سلم علاقے ہیں ۔ نارتھ زون میں 7 سلم علاقے اس وقت پینے کے پانی کی قلت سے دوچار ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ 72 سلم علاقوں کے منجملہ 28 سلم علاقے سرکاری اراضی پر قائم ہیں جب کہ 25 سلم بستیاں سرکاری اور خانگی اداروں کی جزوی ملکیت والی اراضی پر قائم ہیں ۔ 5 سلم علاقے قبضہ کردہ اراضی پر قائم کئے گئے ہیں ۔ پرانے شہر کے علاقوں بہادر پورہ ، وٹے پلی ، نواب صاحب کنٹہ ، بنڈلہ گوڑہ ، تالاب کٹہ ، یثرب نگر اور دیگر علاقوں میں پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا گیا ہے لیکن عوام کے لیے پانی حصول مشکل بن رہا ہے ۔ بہادر پورہ اسمبلی حلقہ کے یوسف گلشن کالونی ، روشن کالونی ، فاروق نگر ، فاطمہ نگر اور مصطفی نگر کے مکین واٹر ٹینکر کے ذریعے سربراہ ہونے والے پانی پر ہی اکتفاء کررہے ہیں ۔ چندرائن گٹہ کے کئی علاقوں کے علاوہ ملک پیٹ کے شالی واہنا نگر ، شری پرانی کالونی ، کاروان میں بھوج گٹہ اور اندرا نگر ، عنبر پیٹ میں کرشنا نگر اور سکندرآباد اسمبلی حلقوں میں منگوڑ بستی اور آزاد چندر شیکھر نگر بستیوں میں پانی کی قلت نوٹ کی گئی ہے ۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ہر گھر کو نل کا کنکشن فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن شہر کے 25 سلم علاقوں کو ہنوز نل کا کنکشن نہیں دیا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT