Friday , January 19 2018
Home / شہر کی خبریں / شہر کے مسالخ کو جلد کھولنے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی

شہر کے مسالخ کو جلد کھولنے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی

اضلاع کے مسالخ کو عصری بنانے پر زور : ایم ایل سی الحاج محمد سلیم کی چیف منسٹر سے ملاقات

اضلاع کے مسالخ کو عصری بنانے پر زور : ایم ایل سی الحاج محمد سلیم کی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد 15 فروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ کے اضلاع و مواضعات میں موجود مسالخ کو بھی عصری بنایا جائے اور دونوں شہروں میں موجود مسالخ کو جلد کھولا جائے تا کہ قریش برادری کی دشواریوں کو دور کیا جاسکے ۔ جناب الحاج محمد سلیم رکن قانون ساز کونسل ٹی آر ایس نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے نمائندگی کرکے ان کے مسائل کے علاوہ پولیس ہراسانی کو بند کروانے کی خواہش کی ۔ جناب الحاج محمد سلیم نے چیف منسٹر کو واقف کروایا کہ تلنگانہ اضلاع میں موجود مسالخ کو عصری بنانے کی ضرورت ہے جس سے چیف منسٹر نے اتفاق کرکے کہا کہ حکومت منصوبہ سازی کے ذریعہ ہر صنعت کو فروغ دینے کے اقدامات میں مصروف ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں موجود قریش برادری کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے یہ ضروری ہے کہ انہیں پولیس کی جانب سے زعفرانی قوتوں کے دباؤ کے تحت ہراسانیوں سے نجات دلوائی جائے چونکہ قریش برادری قوانین کے مطابق بیل اور بھینس کی تجارت کررہی ہے لیکن بعض عناصر شر پسندی سے برادری کو ہراساں کررہے ہیں۔ جناب الحاج محمد سلیم نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کے تمام طبقات کی مساوی ترقی کے معاملہ میں سنجیدہ ہے اسی لئے انہو ںنے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو در پیش مسائل کو حل کرنے کی خواہش کی جس پر مسٹر کے سی آر نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں ریاست کو تیز رفتار ترقی والی ریاست بنانے کے اقدامات شامل ہیں اور ان ہی منصوبوں کے تحت حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ دیگر اضلاع کی ترقی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ جناب الحاج محمد سلیم نے کہا کہ حکومت شہری حدود میں موجود عصری مسلخ کی جلد کشادگی عمل میں لائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے یہاں بسنے والوں کی تجارتی ترقی ناگزیر ہے اور تجارتی برادریوں میں قریش برادری کو اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے عصری مسالخ ‘پولیس ہراسانی ‘ بجرنگ دل و وشواہند پریشد کی شر انگیزی کے معاملات کا نوٹ لیا اور تیقن دیا کہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہونے پائے اور عصری مسالخ کی ضلع واری اساس پر تعمیر کا جلد منصوبہ تیار کیا جائے گا ۔ جناب الحاج محمد سلیم نے بتایا کہ دونوں شہروں میں موجود قریش برادری کو چنگی چرلہ سے روزانہ گوشت لانے میں دشواریاں ہورہی ہیں انہیں دور کرنے چیف منسٹر نے شہر میں تیار کئے گئے عصری مسالخ کی کشادگی کو یقینی بنانے کا تیقن دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کو مسائل کے حل کیلئے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے چونکہ حکومت سنہرے تلنگانے کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنانے ہر طبقہ کو ترقی کو یقینی بنائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے علاوہ ان کی کابینہ سے عوام کو جو توقعات ہیں انہیں پورا کرنے حکومت صاف و شفاف حکمرانی کو لازمی بنارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT