Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر کے کچھ علاقوں میں ہلکی و تیز بارش ‘ موسم خوشگوار رہا

شہر کے کچھ علاقوں میں ہلکی و تیز بارش ‘ موسم خوشگوار رہا

حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) شہر میں آج بھی ہلکی اور تیز بارش کے سبب موسم خوشگوار رہا۔ جامعہ عثمانیہ تارناکہ، مولا علی کے علاوہ دیگر علاقوں میں شام کے وقت شدید بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ آج دن بھر شہر کے مختلف مقامات پر بلدی عملہ کو نالوں اور ڈرینج کی صفائی کرتے دیکھا گیا۔ گزشتہ چار یوم سے جاری بارش کی وجہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی متعدد شکایات اور عوامی برہمی کے بعد آج صبح سے ہی  مختلف علاقوں میں بلدی عملہ کو کچرے کی نکاسی کے ذریعہ پانی کے بہاؤ کو آسان بنانے کے اقدامات کرتے دیکھا گیا۔ بیگم بازار پولیس اسٹیشن سے متصل نالے سے جے سی بی کے ذریعہ کچرا نکالا گیا۔ اِسی طرح ریل نیلائم، بشیر باغ، حمایت نگر، لکڑی کا پُل، سوماجی گوڑہ، مدینہ بلڈنگ، ہائی کورٹ ، سٹی کالج، حسینی علم، محبوب چوک، خلوت، شاہ علی بنڈہ کے علاقوں میں بھی بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ڈرینج کی صفائی عمل میں لائی گئی۔ شام کے وقت ہوئی بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات میں کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ بلدی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران شہر کے تقریباً تمام نشیبی علاقوں میں ڈرینج نظام کو بہتر بناتے ہوئے بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے اور نالوں کی صفائی کو بھی مکمل کرنے کے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT