Sunday , December 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / شہزاد کی پی سی بی کو رویے میں بہتری کی یقین دہانی

شہزاد کی پی سی بی کو رویے میں بہتری کی یقین دہانی

کراچی ، 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط تحریر کیا ہے جس میں مستقبل میں اپنے رویے میں بہتری لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے درخواست کی ہے کہ انھیں نیشنل کیمپ میں شامل کر لیا جائے۔ پی سی بی کے ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارہ کے استفسار پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہزاد نے بورڈ سے رابطہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے 2 مئی کو انگلینڈ ٹور کی تیاری کیلئے نیشنل کیمپ کیلئے معلنہ 35 کھلاڑیوں میں احمد شہزاد اور عمراکمل کو شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ چیف سلیکٹر انضمام نے دونوں کرکٹرز کو کیمپ میں شامل نہ کرنے کی وجہ اُن کے ڈسپلن کے معاملات بتائے تھے اور کہا تھا کہ سلیکشن کمیٹی ڈسپلن کو بہرصورت اولین ترجیح دے گی۔ تاہم اب تازہ پیش رفت کے بعد اس بات کے امکانات ہیں کہ احمد شہزاد کو معافی دے کر نیشنل کیمپ میں بلالیا جائے جو 14 مئی سے شروع ہونے والا ہے۔ احمد شہزاد اور عمراکمل کے بارے میں سابق کوچ وقاریونس یہ کہتے آئے تھے کہ دونوں کرکٹرز کے ڈسپلن کے معاملات درست نہیں ہیں۔ وقار نے 2015ء کے عالمی کپ اور پھر حالیہ ورلڈ ٹی20 کی اپنی رپورٹ میں بھی دونوں کرکٹرز کے بارے میں ذکر کیا تھا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر انتخاب عالم نے بھی اپنی رپورٹ میں عمر اکمل اور احمد شہزاد پر تنقید کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT