Sunday , January 21 2018
Home / شہر کی خبریں / شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو فوری امداد کی ہدایت

شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو فوری امداد کی ہدایت

بیڑی ورکرس کو یکم مارچ سے ماہانہ وظیفہ، عہدیداروں کے اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب

بیڑی ورکرس کو یکم مارچ سے ماہانہ وظیفہ، عہدیداروں کے اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔/21فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو فی کس 10لاکھ روپئے امداد کے علاوہ خاندان میں ایک فرد کو ملازمت فراہم کرنے اقدامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جن شہیدان تلنگانہ کی نشاندہی کرلی گئی ہے انکے خاندانوں کو فوری فی کس 10لاکھ روپئے کی امداد فراہم کردی جائے۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس اور متعلقہ اضلاع کے وزراء کو اس کام کی نگرانی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے آج عہدیداروں اور وزراء کے ساتھ شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کی امداد اور بیڑی مزدوروں کو امداد کی فراہمی جیسے اُمور پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ وزرا ہریش راؤ، جگدیش ریڈی، چیف سکریٹری راجیو شرما، چیف منسٹر دفتر کے چیف سکریٹری نرسنگ راؤ، سکریٹریز فینانس ناگی ریڈی، رام کرشنا راؤ اور دیگر نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد میں جانیں قربان کرنے والے نوجوانوں کے خاندانوں کو حکومت نے مالی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے اور حکومت اس پر جلد عمل آوری کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی امداد کے علاوہ خاندان کے ایک فرد کو ملازمت کی فراہمی کے امکانات تلاش کئے جائیں اور رہنمایانہ خطوط طئے کرکے حکومت کو پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان میں ایک فرد کو ملازمت کی فراہمی کا مسئلہ خاندان کے افراد پر چھوڑ دیا جائے اور اگر اس خاندان میں کوئی ملازمت کے اہل نہ ہوں یا پھر سرکاری ملازمت میں دلچسپی نہ ہو تو ان کیلئے دیگر ذرائع سے روزگار فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ایسے خاندان جو تجارت کرتے ہیں انہیں مالی امداد فراہم کرنے اور زراعت سے وابستہ خاندانوں کو زرعی اراضی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ خاندان کے تمام افراد کی گذربسر کے سلسلہ میں بھی اس خاندان کو تمام تعاون دیا جائے تاکہ وہ مالی مشکلات کا شکار نہ ہوں۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ خاندانوں کی امداد سے متعلق تجاویز کو قطعیت دیں۔ ضلع کلکٹر سے کہا گیا کہ وہ ان کے اضلاع میں شہیدان تلنگانہ کی تیار کردہ فہرست کے حساب سے مذکورہ خاندانوں سے ملاقات کریں اور ان کی ضروریات کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مالی امداد کی فراہمی کے سلسلہ میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے وزارت فینانس کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مالی امداد سے متعلق رقم ضلع کلکٹرس کے پاس محفوظ کردیں تاکہ تقسیم میں آسانی ہو۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے بیڑی ورکرس کو ماہانہ ایک ہزار روپئے کے وظیفہ سے متعلق اسکیم پر یکم مارچ سے عمل آوری کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ بذات خود اس پروگرام میں کریم نگر کے مٹ پلی، میدک کے دوباک اور نظام آباد کے کاماریڈی میں شرکت کریں گے باقی اضلاع میں وزراء اور کلکٹرس اس پروگرام کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر منڈل میں بیڑی مزدوروں کی نشاندہی کیلئے متعلقہ ایم پی ڈی اوز کو ذمہ داری سونپی جائے۔

TOPPOPULARRECENT