شہیداں تلنگانہ کی یادگار تعمیر کرنے لمبنی پارک کے قریب اراضی مختص

حکومت وعدہ کے مطابق عمل آوری کے لیے سنجیدہ ، ٹی ناگیشور راؤ کا ادعا
حیدرآباد۔21مارچ(سیاست نیوز) شہیدان تلنگانہ کی یادگار کی تعمیر کے لئے حکومت کی جانب سے لمبنی پارک سے متصل 3.29ایکڑ اراضی کی تفویض کا فیصلہ کیا جا چکا ہے اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے جی او بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے تحریک تلنگانہ کے دوران حسین ساگر کے قریب یادگار شہیدان تلنگانہ کی تعمیرکا اعلان کیا تھا اور اس یادگار کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضـی کی تخصیص کے لئے حوالگی کا عمل جاری ہے۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ ریاستی وزیر عمارات و شوارع نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں مسٹر کے پربھاکر رکن قانون ساز کونسل کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں یہ بات بتائی ۔انہو ںنے بتایا کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق حسین ساگر سے متصل اس اراضی پر یادگار شہیدان تلنگانہ کی تعمیر کو یقینی بنائے گی۔ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ نے بتایا کہ جس اراضی پر یہ یادگار کی تعمیرکا فیصلہ کیاگیا ہے وہ اراضی فی الحال حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے تحت ہے اور اس اراضی کی کے حصول کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ یادگار شہیدان تلنگانہ کی تعمیر کیلئے حکومت کی جانب سے 80 کروڑ کے بجٹ کی تخصیص کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور احکام بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT