Sunday , September 23 2018
Home / اضلاع کی خبریں / شیخ الاسلام کی دینی و ملی خدمات ناقابل فراموش

شیخ الاسلام کی دینی و ملی خدمات ناقابل فراموش

جامع مسجد کوڑنگل میں جلسہ کا انعقاد، مولانا عبد الرشید کا خطاب

جامع مسجد کوڑنگل میں جلسہ کا انعقاد، مولانا عبد الرشید کا خطاب
کوڑنگل /22 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدی تقاریب عرس حضرت شیخ الاسلام حافظ محمد انواراللہ فاروقی فضیلت جنگ رحمۃ اللہ علیہ کے سلسلے میں گزشتہ شب جامع مسجد نائب صدر مسجد کمیٹی جناب سلطان محی الدین غوثن کی زیر نگرانی جلسہ فیضان شیخ الاسلام حافظ محمد انواراللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادر بانی جامعہ نظامیہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ مسرز شیخ محبوب، مقصود بن علی، محمد مقبول بادشاہ، عبد الحکیم وغیرہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ خطیب عیدین و امام جامع مسجد کوڑنگل مولانا محمد عبد الرشید نے حضرت ممدوح کو زبردست حراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حدیث شریف میں ہے کہ ’’میری امت کے علماء بنی اسرائیل کے انبیاء کے مثل ہیں‘‘۔ ’’اللہ تعالی میری امت میں ہر سو سال میں ایک ایسی شخصیت کو پیدا فرماتا رہے گا، جو دین اسلام کی تجدید کرے گی‘‘۔ ان ہی صفات کے حامل صحابہ کرام، تابعین، تبع تابعین، ائمہ، فقہاء، محدثین اور صوفیہ کرام نے اپنے اپنے دور میں دین اسلام کو زمانہ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔ ان ہی بزرگوں میں بانی جامعہ کا بھی شمار ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حضرت کا سلسلہ نسب خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ سے ملتا ہے۔ حضرت نے گیارہ برس کی عمر میں قرآن مجید حفظ کیا، پھر مختلف جید علماء سے عربی ادب، حدیث، فقہ اور تفسیر سے متعلقہ علوم کا اکتساب کیا۔ حضرت نے حیدرآباد دکن میں علوم دین کی اشاعت کے لئے جامعہ نظامیہ بنیاد ڈالی، جس نے دنیائے اسلام میں عموماً اور جنوبی ہند میں خصوصاً علوم دین کی اشاعت میں نمایاں رول ادا کیا اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ جامعہ کے فارغ علماء ساری دنیا میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے حضرت بانی جامعہ نظامیہ کی دینی و ملی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ قبل ازیں مسرز محمد معراج اور مرتضی حسین نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

TOPPOPULARRECENT