Saturday , December 15 2018

شیخ عبداللہ سہیل کو کانگر یس میں اہم عہدہ

حرکیاتی قائد ‘ پی سی سی اقلیتی سیل کے صدر نامزد ‘ احکام کی اجرائی
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی راہول گاندھی نے کانگریس کے قائد شیخ عبداللہ سہیل کو تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کا صدر نامزد کیا ہے۔ اس سلسلہ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوٹ نے احکامات جاری کردیئے۔ شیخ عبداللہ سہیل ابھی تک صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے شہر حیدرآباد میں دو بڑی ریالیاں منظم کی تھی، ساتھ ہی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں اہم رول ادا کیا بالخصوص پرانے شہر میں کانگریس پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی ، سکریٹری انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا کے علاوہ تین اے آئی سی سی سکریٹریز سلیم احمد، بوس راجو اور سرینواسن نے شیخ عبداللہ سہیل کو تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نامزد کرنے کانگریس ہائی کمان بالخصوص صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید سے سفارش کی تھی۔ جس کو ندیم جاوید نے قبول کرتے ہوئے تلنگانہ کے ساتھ چھتیس گڑھ اور ویسٹ بنگال کے موجودہ ریاستی صدور کو تبدیل کرنے کی صدر کانگریس راہول گاندھی سے نمائندگی کی تھی۔ راہول گاندھی کی منظوری کے بعد تینوں ریاستوں کے ریاستی صدور کو تبدیل کرنے کے اشوک گہلوٹ نے احکامات جاری کئے۔ نو نامزد صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس پارٹی میں اہم عہدہ حاصل ہونے پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے صدر کانگریس راہول گاندھی، صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید، سکریٹری اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج آر سی کنٹیا، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی کے علاوہ تین اے آئی سی سی سکریٹریز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے انہیں جو ذمہ داری دی ہے وہ اس کو بخوبی نبھائیں گے۔ کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے اور اقلیت ڈپارٹمنٹ کو سرگرم بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع کے کانگریس کے اقلیتی صدور کو اعتماد میں لیتے ہوئے کام کریں گے اور کانگریس پارٹی کو انتخابات میں کامیاب بنانے کیلئے اقلیت ڈپارٹمنٹ کی جانب سے بڑے پیمانے پر مہم چلائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT