Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / شیخ محمد اقبال کو آندھرا پردیش میں اقلیتی بہبود کی ذمہ داری

شیخ محمد اقبال کو آندھرا پردیش میں اقلیتی بہبود کی ذمہ داری

مختلف طبقات کی فلاح و بہبود اسکیمات محکمہ سماجی بھلائی انجام دے گا
حیدرآباد۔/20نومبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے مختلف طبقات کی فلاح و بہبود سے متعلق اسکیمات کو محکمہ سماجی بھلائی کے تحت عمل کرنے کیلئے اقدامات شروع کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت درج فہرست اقوام، قبائیل، اقلیت اور بی سی طبقات کی بہبود سے متعلق اسکیمات پر یکساں عمل آوری کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔ اس مقصد کیلئے حکومت نے ڈاکٹر وجئے کمار ( آئی اے ایس) پرنسپل سکریٹری سماجی بھلائی کو محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ مسٹر شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس ) آندھرا پردیش میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور اس کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ دینے کیلئے اسپیشل سکریٹری کی ذمہ داری سے سبکدوشی کی حکومت سے خواہش کی تھی جس پر حکومت نے ڈاکٹر وجئے کمار کو یہ ذمہ داری دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ درج فہرست اقوام اور اقلیتوں کیلئے اسکیمات میں یکسانیت پیدا کرنے پر غور کیا جارہا ہے تاکہ آندھرا پردیش کی اقلیتوں کو ایس سی طبقات کے مماثل سہولتیں حاصل ہوں۔ حکومت نے شیخ محمد اقبال کو اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کے علاوہ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ذمہ داریوں پر برقرار رکھا ہے۔ وہ کمشنر اقلیتی بہبود کی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔ اس طرح شیخ محمد اقبال کو اقلیتی بہبود سے متعلق تمام اہم اداروں کے اُمور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے آندھرا پردیش میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ وجئے واڑہ میں دو اہم اوقافی جائیدادوں کے قابضین کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔ اس کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کی فروخت میں ملوث بعض متولیوں کو بھی نوٹس جاری کی گئی ہے۔ شیخ محمد اقبال ایک سال میں وقف بورڈ کی آمدنی کو 400کروڑ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور انہوں نے اس سلسلہ میں قیمتی اور اہم اوقافی اراضیات کی نشاندہی کی ہے تاکہ انہیں ترقی دیتے ہوئے وقف بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے وقف بورڈ کے دفتر کو حیدرآباد سے وجئے واڑہ منتقل کرنے کی ہدایت دی اور آندھرا پردیش کے چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ عبدالقادر نے وجئے واڑہ میں نئے آفس کی نشاندہی کرلی ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ ماہ تک وقف بورڈ کا دفتر حیدرآباد سے وجئے واڑہ منتقل ہوجائیگا۔

TOPPOPULARRECENT