Saturday , January 20 2018
Home / شہر کی خبریں / شیخ پیٹ ڈیویژن کے کالونیز کے مسائل کو فوری حل کرنے پر زور

شیخ پیٹ ڈیویژن کے کالونیز کے مسائل کو فوری حل کرنے پر زور

ڈیویژن سطح کے اجلاس میں مختلف عہدیداروں کی شرکت ، رکن اسمبلی منگنٹی گوپی ناتھ کی یقین دہانی

ڈیویژن سطح کے اجلاس میں مختلف عہدیداروں کی شرکت ، رکن اسمبلی منگنٹی گوپی ناتھ کی یقین دہانی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : جوبلی ہلز آرگنائزنگ ڈیویژن سطح کا اجلاس گنگا پترا سنگم دفتر شیخ پیٹ میں منعقد ہوا ۔ جس میں آبرسانی بورڈ ، جی ایچ ایم سی ، ریونیو ، برقی اور محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس کی صدارت رکن اسمبلی مسٹر منگنٹی گوپی ناتھ نے کی ۔ جس میں شیخ پیٹ ڈیویژن سے تعلق رکھنے والے کالونیز کے صدور و معتمدین بھی شریک تھے ۔ دوران اجلاس کالونیز کے نمائندوں نے رکن اسمبلی سے کالونیز کے مسائل پر مشتمل تحریری یادداشت پیش کیں ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا تیقن دیا کہ وہ آئندہ منعقد ہونے والے اجلاس سے قبل عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اس سے قبل گنگا پترا سنگم کے صدر مسٹر جی یادیا نے شیخ پیٹ کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ ڈرینج کے مسائل کو فوری حل کریں ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات کی شکایت کی کہ شیخ پیٹ ایک قدیم بستی ہے تاہم یہاں کے مسائل بالخصوص پانی اور ڈرینج کے مسائل ایک طویل عرصہ سے حل نہیں کئے گئے ۔ اس مسئلہ پر فوری اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ مسٹر ایس سدانند صدر ونوبھانگر نے مسائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ونوبھانگر میں ایک قدیم عرصہ سے کئی مسائل درپیش ہیں ۔ یہاں پر پانی اور ڈرینج کے مسائل کو حل کرنے کے لیے گذشتہ 20 سال سے نمائندگی کی جارہی ہے تاہم متعلقہ محکمہ جات کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔ بستی کی عوام پینے کے پانی کے لیے پریشان حال ہیں ۔ جوہر علی ڈپٹی جنرل مینجر کی طویل عرصہ سے شیخ پیٹ ڈیویژن میں ملازمت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ عہدیدار ان کی نمائندگیوں اور شکایتوں کا ازالہ نہیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے طویل عرصہ سے خدمات میں لاپرواہی کرنے والے عہدیدار کا فوری تبادلہ کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے رکن اسمبلی کے علاوہ عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ونوبھانگر کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنے پر توجہ دیں ۔ جناب محمد معین الدین صدر فیڈریشن آف ٹولی چوکی کالونیز ، مسٹر سی پرکاش وائس پریسیڈنٹ کے علاوہ جناب مجیب احمد جائنٹ سکریٹری بھی اس موقع پر شہ نشین پر رکن اسمبلی کے ہمراہ موجود تھے ۔ دوران اجلاس خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مسائل پیش کئے ۔ جلسہ کی کارروائی مسٹر پردیپ نے چلائی اور مسٹر رمیش یادو نے کالونیز کے افراد کا خیر مقدم کیا ۔ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر لکشمن سنگھ نے عوامی مسائل کو بہت جلد حل کرنے کا تیقن دیا ۔ اور عوام سے خواہش کی کہ وہ اپنے مسائل کو ان سے رجوع کریں تاکہ اس کو جلد حل کرسکیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT