Saturday , September 22 2018
Home / خواتین کا صفحہ / شیخ چلّی دولت مند کیسے بنا…!

شیخ چلّی دولت مند کیسے بنا…!

شیخ چلّی بچپن سے ہی بہت کام چور تھا ۔ اس کی ماں اسے ہمیشہ سمجھاتی رہتی کہ بیٹا کام چوری چھوڑو اور محنت کرو ، تاکہ گھر میں دو پیسے آئیں جس سے گھر بھی چلے اور تمہیں بھی محنت کی عادت پڑ جائے ۔ لیکن میاں شیخ چلّی ایک کان سے سنتا اور دوسرے کان سے نکال دیتا ۔ ایک دن شیخ چلّی دن بھر گلیوں میں آوارہ گردی کرنے کے بعد جب گھر واپس آیا تو بہت تھکا ہوا تھا ۔ چنانچہ وہ لمبی تان کر سوگیا۔
اس نے ایک خواب دیکھا کہ وہ ایک پہاڑی پر جارہا ہے ، راستے میں اسے ایک بوتل دکھائی دی جس میں کوئی عجیب سی چیز ہے ۔ نہ جانے یہ کیسا خواب تھا ۔ اچانک اس کی آنکھ کھل گئی اور شیخ چلّی سوچے سمجھے بغیر اس پہاڑی کی طرف چل پڑا ۔ سارا دن وہ اس پہاڑی پر مارا مارا پھرتا رہا نہ کوئی بوتل دکھائی دی اور نہ عجیب چیز ۔ تھک کر اس نے گھر آنے کا فیصلہ کیا تو اچانک ایک پتھر اس سے ٹکرایا ۔ اس پتھر کے پیچھے اسے وہ بوتل نظر آئی جو اس نے خواب میں دیکھی تھی ۔ اس کا دل چاہا کہ وہ بوتل کا ڈھکن کھول دے مگر وہ ڈر گیا ۔ آخر ہمت کرکے اس نے ڈھکن کھول دیا ۔ ڈھکن کھلتے ہی بوتل میں سے ایک خوبصورت نوجوان نکلا جسے دیکھ کر وہ ڈر گیا تو نوجوان نے کہا مجھ سے مت ڈرو ، میں یمن کا شہزادہ ہو ۔ ایک جادوگر نے مجھے اس بوتل میں قید کردیا تھا ۔ تم نے مجھے اس بوتل سے آزادی دلائی ہے ، میں تمہیں انعام ضرور دوں گا ۔ بس تم مجھے میرے ملک یمن پہونچادو ۔ شیخ چلّی نے ایسا ہی کیا ۔ یمن پہونچتے ہی شہزادہ نے اپنا وعدہ پورا کیا اور شیخ چلّی کو بہت سے ہیرے اور جواہرات اور ایک محل دیا ۔ شیخ چلّی اپنی ماں کو بھی وہاں لے گیا وہاں دونوں ماں بیٹا خوشی سے رہنے لگے ۔

TOPPOPULARRECENT