Monday , December 18 2017
Home / جرائم و حادثات / شیرخوار بچہ کے چھ اغواء کنندگان بشمول 3 خواتین گرفتار

شیرخوار بچہ کے چھ اغواء کنندگان بشمول 3 خواتین گرفتار

حیدرآباد۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) نامپلی پولیس نے 8 ماہ کے ایک شیرخوار بچے کے اغوا میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مغویہ بچے کو بچا لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی نے بتایا کہ 29 اکتوبر کی شب ایک شیرخوار بچہ لوا عرف بابو کو لکڑی کا پُل، ہنومان مندر کے قریب تبسم ، پوجا، سریشا عرف آفرین اور شاہین نے اغوا کرلیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اغوا میں جملہ 8 افراد شامل ہیں جن میں لاونیا نے اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ لاونیا کی بہن سواپنا کو مسلسل لڑکیاں پیدا ہورہی تھیں اور حال ہی میں جڑواں لڑکیاں پیدا ہوئی تھیں جس میں ایک لڑکی بہت بیمار تھی۔ لاونیا نے اپنی بہن کی اس بے بسی اور لڑکا پیدا نہ ہونے کے سبب لڑکے کو گود لینے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں کئی دواخانوں کے چکر لگائے اور لڑکا حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہی۔ لاونیا نے شیخ پروین کو کسی بھی حالت میں لڑکا فراہم کرنے کیلئے کہا جس پر پروین نے بھاگیہ نامی گداگر خاتون کے ایک شیرخوار لڑکے لوا کو دیکھا اور اسے 10 ہزار روپئے میں خریدنے کی کوشش کی لیکن 29 اکتوبر کو لاونیا نے دیگر افراد کی مدد سے شیرخوار کا اغوا کرلیا اور وہاں سے فرار ہوگئی۔ نامپلی پولیس نے مغویہ لڑکے کو اغوا کئے جانے کی اطلاع پر ایک مقدمہ درج کرلیا۔

TOPPOPULARRECENT