Wednesday , January 24 2018
Home / Top Stories / شیوسینا ارکان پارلیمنٹ نے روزہ دار کے منہ میں روٹی ٹھونس دی

شیوسینا ارکان پارلیمنٹ نے روزہ دار کے منہ میں روٹی ٹھونس دی

نئی دہلی ۔ /23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید مجروح کرتے ہوئے شیوسینا ارکان پارلیمنٹ نے روزہ دار کے منہ میں زبردستی روٹی ٹھونس دی اور اس کا روزہ تڑوادیا ۔ تفصیلات کے بموجب شیوسینا کے 11 ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ایک گروپ دہلی کے مہاراشٹرا سدن میں کھانا کھانے پہونچا اور مہاراشٹرین غذا سربراہ نہ کرنے پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کیٹرنگ سپر وائزر کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک اختیار کرتے ہوئے اس کا روزہ تڑوادیا۔ اس نوجوان کی ارشد زبیر کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ اس نے بتایا کہ مینو کے مطابق جب وہ کھانا تیار کررہا تھا تو ارکان پارلیمنٹ اندر پہونچے اور برہمی کے عالم میں اس کے منہ میں روٹی ٹھونس دی ۔ اس واقعہ پر شدید سیاسی ردعمل سامنے آیا اور پارلیمنٹ میں بھی کئی سیاسی جماعتوں نے شیوسینا کے اس طرز عمل کو انتہائی افسوسناک اور مسلمانوں کے مذہبی معاملے میں مداخلت قرار دیا ۔ ارشد زبیر نے کہا کہ وہ کیٹرنگ ڈریس پہنے ہوئے تھا اور اس پر اس کا نام بھی واضح طور پر لکھا تھا ۔ اس کے باوجود انہوں نے میرے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کی ہے ۔

چپاتی زبردستی کھلائی گئی : کیٹرنگ سپروائزر
شیوسینا ایم پی کی معذرت خواہی
نئی دہلی ۔ /23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی میں واقع نیومہاراشٹرا سدن میں کینٹن کا انتظام آئی آر سی ٹی سی کے تحت ہے اور یہاں کے کیٹرنگ سپر وائزر ارشد زبیر نے کہا کہ شیوسینا رکن پارلیمنٹ نے برہمی کے عالم میں انہیں زبردستی روٹی کھلائی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آرڈر تیار کررہے تھے کہ انہوں نے مجھے پکڑ لیا اور روٹی میرے منہ میں ٹھونس دی ۔ ارشد زبیر نے کہا کہ اس وقت وہ ڈریس پہنے ہوئے تھے جس پر ان کا نام واضح طور پر لکھا ہوا تھا ۔ اس مسئلہ پر جاری سیاسی تنازعہ کے بعد شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ راجن وچارے نے اپنی حرکت پر معذرت خواہی کی ہے ۔ شیوسینا رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ انہیں یہ پتہ نہیں تھا کہ کیٹرنگ سپر وائزر مسلمان ہیں ۔ آج ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد انہیں یہ پتہ چلا کہ وہ ملازمین مسلمان تھا اور وہ اس کے لئے معذرت خواہاں ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ مہاراشٹرا سدن میں غیرمعیاری غذا کی طرف توجہ مبذول کروانا چاہتے تھے ۔ ارشد زبیر نے جو حالت روزہ تھے راجن وچارے کے دعوے کو تسلیم نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس پر انہیں بے حد تکلیف پہونچی ۔ انہوں نے مہاراشٹرا ریزیڈنٹ کمشنر کے پاس شکایت درج کرائی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT