Wednesday , January 24 2018
Home / شہر کی خبریں / شیو سینا پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

شیو سینا پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ

ایڈیٹر سامنا کو ہی حق رائے دہی سے محروم کردیا جائے، جناب محمد فاروق حسین کا بیان

ایڈیٹر سامنا کو ہی حق رائے دہی سے محروم کردیا جائے، جناب محمد فاروق حسین کا بیان
حیدرآباد /14 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کا مطالبہ کرنے والی شیوسینا پر امتناع اور ایڈیٹر سامنا کو بطور سزا 15 سال تک حق رائے دہی سے محروم کرنے مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری و سیکولر ملک ہے، ہندوستان کو آزادی دلانے والی کانگریس پارٹی نے جمہوریت کی بنیاد مضبوط رکھی ہے، جب کہ جدوجہد آزادی میں شریک نہ ہونے والی جماعتیں اور انگریزوں کے مخبروں کے وارث آج مسلمانوں سے حب الوطنی کا ثبوت مانگ رہے ہیں۔ کوئی مسلمانوں کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی بات کر رہا ہے اور کوئی نسبندی کرانے والے مسلمانوں کو حق رائے دہی کی اجازت دینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں مسلمانوں نے ہر طرح کی قربانی پیش کی ہے، اسی لئے پاکستان بننے کے باوجود مسلمانوں نے ہندوستان میں رہنے کو ترجیح دی۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ہندوتوا ذہنیت رکھنے والے چند قائدین زہراگل رہے ہیں، تاہم اس طرح کی زہرافشانی سے انھیں عارضی راحت تو مل سکتی ہے، لیکن مستقبل میں بی جے پی اور اس طرح کے قائدین پر ہندوستانی عوام دوبارہ بھروسہ نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں بی جے پی قومی عاملہ کا اجلاس بنگلور میں منعقد ہوا، جس میں بی جے پی قائدین کو متنازعہ بیانات سے اجتناب کا مشورہ دیا گیا، مگر بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ اور قائدین پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا، جس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ بی جے پی پر وزیر اعظم نریندر مودی اور قومی صدر امیت شاہ کی گرفت آہستہ آہستہ کمزور ہو رہی ہے اور بی جے پی پر آر ایس ایس حاوی ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی وزراء، بی جے پی قائدین اور ارکان پارلیمنٹ متنازعہ بیانات دے کر ملک کے مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان دوریاں بڑھا رہے ہیں، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان میں کوئی بھی طاقت مسلمانوں سے حق رائے دہی کا اختیار نہیں چھین سکتی، دستور نے مسلمانوں کو ووٹ دینے کا حق دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT