Saturday , December 15 2018

شیڈول 9 اور 10 اداروں کی تقسیم کا مطالبہ، ٹی آر ایس کی ارکان کی راجناتھ سنگھ سے نمائندگی

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) راجیہ سبھا کے ارکان کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرتے ہی ٹی آر ایس کے ارکان نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے ۔ تین ارکان راجیہ سبھا نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے شیڈول 9 اور 10 کے تحت اداروں کی تقسیم کا مطالبہ کیا۔ لوک سبھا میں ٹی آر ایس پارٹی کے قائد جتیندر ریڈی کے ہمراہ سنتوش کمار ، بی پرکاش اور لنگیا یادو نے راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور کہا کہ آندھراپردیش کی تقسیم کو چار سال مکمل ہوگئے لیکن ابھی تک شیڈول 9 اور 10 کے اداروں کو تقسیم نہیں کیا گیا جس کے باعث تلنگانہ حکومت کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ راجناتھ سنگھ کو اس سلسلہ میں ایک یادداشت پیش کی ہے۔ ریاستی وزیر جگدیش ریڈی اور رکن اسمبلی سرینواس گوڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سرینواس گوڑ نے بتایا کہ اداروں کی تقسیم کے سلسلہ میں مرکز سے بارہا نمائندگی کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیڈول 9 اور 10 کے اداروں کی تقسیم میں آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں ضروری کارروائی کریں گے۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ اداروں کی عدم تقسیم کے سبب تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو آندھراپردیش میں خدمات انجام دینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل نمائندگی کے بعد حیدرآباد ہائی کورٹ کی تقسیم کا عمل شروع ہوا ہے اور آندھراپردیش کیلئے علحدہ ہائیکورٹ جلد قائم ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT