Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / شیکھر پرساد سنگھ چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ متوقع

شیکھر پرساد سنگھ چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ متوقع

ڈاکٹر راجیو شرما کی میعاد آئندہ ماہ مکمل، چیف منسٹر کی قریبی ساتھیوں سے مشاورت

حیدرآباد۔/20اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کو نئے چیف سکریٹری کی تلاش ہے اور توقع ہے کہ اسپیشل چیف سکریٹری پنچایت راج و دیہی ترقی شیکھر پرساد سنگھ موجودہ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کے جانشین ہوں گے۔ ڈاکٹر راجیو شرما کی میعاد آئندہ ماہ نومبر میں ختم ہورہی ہے۔ وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد انہیں 6 ماہ کی توسیع دی گئی تھی تاہم اب مزید توسیع کا امکان نظر نہیں آتا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئے چیف سکریٹری کے مسئلہ پر اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت کی ہے اور سینیاریٹی کے اعتبار سے شیکھر پرساد سنگھ کا نام سرفہرست ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 6 آئی اے ایس عہدیدار فی الوقت اسپیشل چیف سکریٹری کے کیڈر میں ہیں جنہیں چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز کیا جاسکتا ہے۔ ان میں راجیو شرما کے بعد سب سے زیادہ سینئر ترین عہدیدار کے پردیپ چندرا ہیں لیکن مسٹر چندرا ڈسمبر میں عہدہ پر سبکدوش ہوجائیں گے لہذا انہیں چیف سکریٹری کے عہدہ پر صرف ایک ماہ کیلئے تقرر کیا جانا ممکن نظر نہیں آتا جبکہ شیکھر پرساد سنگھ دوسرے درجہ پر ہیں جو جنوری 2018 تک عہدہ پر برقرار رہ سکتے ہیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری ایم جی گوپال جو میونسپل ایڈمنسٹریشن اور اربن ڈیولپمنٹ میں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ آئندہ سال فبروری میں وظیفہ پر سبکدوش ہوجائیں گے۔ ان کے علاوہ اسپیشل چیف سکریٹری وی کے اگروال، اسپیشل چیف سکریٹری راجیو آر اچاریہ اکٹوبر 2018 تک خدمات پر برقرار رہیں گے۔ 1983بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیدار بی پی آچاریہ پرنسپال سکریٹری پلاننگ اکٹوبر 2020کو وظیفہ پر سبکدوش ہوں گے لیکن انہیں اسپیشل چیف سکریٹری کے عہدہ پر ترقی نہیں دی گئی کیونکہ وہ بعض کورٹ کیسیس کا سامنا کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT