Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / صالحہ عابد حسین کے افسانوں کے مطالعہ سے جدید دور کی عکاسی

صالحہ عابد حسین کے افسانوں کے مطالعہ سے جدید دور کی عکاسی

زرینہ بیگم کی تصنیف صالحہ عابد حسین شخصیت اور فن کا رسم اجراء ، پروفیسر شکیلہ خانم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : اردو افسانوی ادب میں منفرد مقام رکھنے والی محترمہ صالحہ عابد حسین کے ناول ہو کہ افسانے محض تخیل کی پیداوار نہیں بلکہ عصری معاشرے اور اطراف و اکناف کے شب و روز کی ترجمانی کرتے ہیں ۔ ان کے فنکشن کے مطالعہ سے کردار نگاری ، مکالمہ نگاری اور منظر نگاری ، منفرد حیثیت رکھتی ہیں کیوں کہ ان کے ناول اور افسانوں کے مطالعہ سے جدید دور کا سیاسی اور معاشرتی منظر نامہ سامنے آجاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر شکیلہ خانم ڈین فیکلٹی آف آرٹس ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کیمپس نے کیا ۔ وہ آج یہاں فیکلٹی ہذا میں محترمہ صالحہ عابد حسین پر پراثر تحقیق کرنے والی محترمہ زرینہ بیگم پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر عثمانیہ یونیورسٹی کی تصنیف صالحہ عابد حسین : شخصیت اور فن پر کا رسم اجراء کے بعد مخاطب تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محترمہ زرینہ بیگم نے کتاب کو تحریر کرتے ہوئے اپنی ہنر مندی اور صلاحیت کے ساتھ بھر پور انصاف کیا ۔ پروفیسر شکیلہ خانم نے مزید کہا کہ مصنفہ محترمہ زرینہ بیگم نے اپنی تصنیف میں صالحہ عابد حسین کے فیکشن پر ترقی پسند تحریک کے اثرات کی بھی ایک منفرد انداز سے نشاندہی کرتے ہوئے عصری زندگی کے نشیب و فراز اور خواب و خراب کی سمت اشارے کیے ہیں تاہم حقیقت پسندی کا دامن اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دیا ۔ کتاب میں مصنفہ نے صاف و شفاف زبان کے استعمال اور نکھرا ستھرا لہجہ استعمال کیا ہے جو قابل ستائش اور قابل مبارکباد ہے ۔ ڈین فیکلٹی آف آرٹس نے زرینہ بیگم کو کتاب کی رسم اجرائی پر خوشنودی کا اظہار کیا پر مبارکباد پیش کیا اور انہیں ریسرچ کے میدان میں بہتر کام کا مشورہ دیا ۔ پروفیسر شکیلہ خانم نے زرینہ بیگم اور ان کے شوہر جناب ناظم الدین ڈی سی پی کو مبارکباد پیش کیا اور تابناک مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ اس محفل میں ڈاکٹر ناصرہ بیگم موظف پرنسپل ٹی آر آر گورنمنٹ ڈگری کالج کندکور پرکاشم کے علاوہ جناب سید اقبال ، ڈاکٹر وینکٹیشورلو سینئیر اکیڈیمک کنسلٹنٹ ( تلگو ) ، ڈاکٹر اویناش اکیڈیمک کنسلٹنٹ ( ہندی ) ، ڈاکٹر محمد خواجہ مخدوم محی الدین اکیڈیمک کنسلٹنٹ ( اردو ) ، ڈاکٹر سمیہ تمکین اکیڈیمک کنسلٹنٹ اردو بھی موجود تھے ۔ تقریب رسم اجراء کے اختتام پر مصنفہ محترمہ زرینہ بیگم نے ان کی حوصلہ افزائی پر پروفیسر شکیلہ خانم اور فیکلٹی آف آرٹس کے اسٹاف سے اظہار تشکر کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT