Saturday , August 18 2018
Home / اضلاع کی خبریں / صحافت ، دورِ حاضر کی تعلیم کا اہم مضمون

صحافت ، دورِ حاضر کی تعلیم کا اہم مضمون

گری راج کالج نظام آباد میں اُردو ورکشاپ ، پرنسپل ایس لمبا گوڑ کا خطاب

گری راج کالج نظام آباد میں اُردو ورکشاپ ، پرنسپل ایس لمبا گوڑ کا خطاب

نظام آباد۔11 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گری راج کالج نظام آباد میں اردو میڈیم کے قیام کے 25سال مکمل ہوچکے ہیں۔ اس ضمن میں اردو میڈیم کی سلور جوبلی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا اور محلہ مالا پلی میں پانی کی ٹانکی سے متصل واقع سرکاری کالج کی عمارت میں لڑکیوں کے لئے علیحدہ سرکاری ڈگری کالج کے قیام کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان خیالات کااظہار پروفیسر ایس لمبا گوڑ پرنسپل گری راج گورنمنٹ کالج نظام آباد نے شعبہ اردو اور یوجی سی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک روزہ اردو ورک شاپ ’’ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا تعارف اور امکانات‘‘ سے خطاب کے دوران کیا۔ ایک طالب علم کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں گورنمنٹ ڈگری کالجوں میں بی ایس سی کی تعلیم نہیں ہے اگر انٹر میڈیٹ کی سطح پر سائنس پڑھنے والے طلباء کی تعداد کے اعداد شمار پیش کئے جاتے ہیں تو حکومت سے اردو میڈیم بی ایس سی کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی ‘محمد عابد علی لیکچرر کامرس اور دیگر لیکچررس کو مبارکباد دی کہ کالج میں طلباء کی ترقی کے لئے اختراعی پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں جس کا ایک حصہ یہ ورکشاپ ہے

انہوں نے صحافت کو دور حاضر کی تعلیم کا اہم مضمون قرار دیا اور کہا کہ طلبا اس جانب توجہ دیں۔ قبل ازیں ورکشاپ کے افتتاح کے موقع پر ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے تعارف پیش کیا۔ حیدرآباد سے آئے مہمان مقررین ڈاکٹر فضل اللہ مکرم اسوسی ایٹ پروفیسر و چیرمین بورڈ آف اسٹڈیز اورینٹل اردو کالج عثمانیہ یونیورسٹی‘ مصطفی علی سروری اسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ جرنلزم مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اور سید احمد جیلانی سینئر نیوز اینکر ای ٹی وی اردو نے ورکشاپ سے خطاب کیا اور طلباء کو خبر سازی اور ٹیلی ویژن پر خبریں پڑھنے کی عملی مشق کرائی۔ اس ورکشاپ میں شرکت کے لئے آئے نظام آباد کے اردو صحافی جن میں ایم اے ماجدنمائندہ راشٹریہ سہار، محمد بلیغ احمد نمائندہ منصف ،سیدا سد مدیر روزنامہ آج کا تلنگانہ نظام آباد‘ احمد علی خان اسٹاف رپورٹر روزنامہ آج کا تلنگانہ نظام آباد‘ یٰسین احمد افسر مدیر انوار دکن ، انور خان مدیر نظام آباد نیوز، جمیل نظام آبادی مدیر گونج ، محمد افضل نامہ نگار روشنی ٹی وی ، ذیشان رضوی ، صبا فرحین نیوز ریڈیر روشنی ٹی وی نظام آباد کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں شال اور مومنٹو کی پیشکشی کے ذریعے تہنیت پیش کی گئی۔ ورکشاپ میں شرکت کرنے والے مہمان ڈاکٹر محمد عبدالعزیز‘ طلباء اور دیگر علاقوں سے آئے شرکا میں سند تقسیم کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT