Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی میں حکومت کے کئی اقدامات

صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی میں حکومت کے کئی اقدامات

فلیٹس کی تعمیر کیلئے اراضی کی نشاندہی کا عمل شروع : اسمبلی میں وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد 22 مارچ ( سیاست نیوز ) حکومت صحافیوں سے ہاوزنگ اسکیم کیلئے وصول کئے گئے دو لاکھ روپئے بہت جلد واپس کردے گی ۔ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کے معاملہ میں حکومت کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جس میں ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی فراہمی ، ہیلت کارڈ ، ایکریڈیشن ، حادثاتی بیمہ ، مفت بس پاس اور رعایتی ریل کے سفر جیسے اقدامات شامل ہیں ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ، بلدی نطم و نسق وپنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ نے وقفہ سوالات کے دوران کونسل میں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے صحافیوں کی امکنہ اسکیم کیلئے راجندر نگر کے قریب جائیداد کی نشاندہی کا عمل شروع کردیا ہے جہاں فلیٹس فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اراضیات کیلئے سابق میں وصول کردہ رقومات کی عاجلانہ واپسی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ارکان کونسل مسٹر سنکری راجو ، مسٹر کے پربھاکر اور مسٹر بی بھوپال ریڈی کے سوالات کے جواب میں کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تلنگانہ پریس اکیڈیمی میں 20 کروڑ روپئے جمع رکھے ہیں ۔ اسکے علاوہ صحافیوں کی امکنہ اسکیم کیلئے جاریہ سال بجٹ میں 100 کروڑ روپئے کی تخصیص عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے کارپوریٹ دواخانوں کی جانب سے صحافیوں کے ہیلت کارڈس قبول نہ کئے جانے کی شکایات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان شکایات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور بہت جلد ان کا ازالہ کرلیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے صحافیوں کو قرض کی فراہمی پر غور کررہی ہے تاکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم بنایا جاسکے ۔ قبل ازیں جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دو بیڈ روم فلیٹ اسکیم غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والوں کیلئے چلائی جارہی ہے ۔ اسی لیے صحافیوں کو معمولی قیمت پر اراضیات فروخت کرنے پر غور کیا جانا چاہئے اسی طرح مکانات کی تعمیر کیلئے انہیں 2 فیصد شرح سود پر قرض فراہم کیا جانا چاہئے تاکہ وہ مکان کی تعمیر کو یقینی بناسکیں ۔ جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ حکومت کو عاجلانہ طور پر صحافیوں کے مسائل کے حل پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر رامچندر راؤ نے اراضیات کی حوالگی کیلئے صحافیوں سے وصول کی گئی رقومات کو واپس کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کے اقدامات میں مصروف ہے ۔

TOPPOPULARRECENT