Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / صحافیوں کو ہیلت کارڈز کی اجرائی کا عمل تیز کرنے کا تیقن

صحافیوں کو ہیلت کارڈز کی اجرائی کا عمل تیز کرنے کا تیقن

محکمہ اطلاعات و میڈیا میں روابط کو مستحکم کرنے اقدامات ۔ کمشنر نوین متل کی صحافت سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر : ( این ایس ایس) : کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ مسٹر نوین متل نے وعدہ کیا ہے کہ حکومت کے وعدہ کے مطابق صحافیوں کو ہیلت کارڈز کی اجرائی کے عمل میں تیزی پیدا کی جائے گی ۔ پہلے مرحلہ میں اکریڈیشن کارڈ رکھنے والے تمام صحافیوں کو ہیلت کارڈز جاری کئے جائیں گے ۔ جب کہ بعد میں تمام صحافیوں کا احاطہ کیا جائے گا ۔ پریس کلب میں منعقدہ صحافت سے ملاقات پروگرام میں کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ نے کہا کہ ہیلت کارڈز کے حصول کے لیے جملہ 23 ہزار درخواستیں داخل کی گئی ہیں ۔ ان تمام کی تنقیح اور جانچ کے لیے کافی وقت درکار ہوگا ۔ اس لیے پہلے مرحلہ میں اکریڈیشن رکھنے والے صحافیوں کو ہیلت کارڈز جاری کئے جائیں گے کیوں کہ ان کی پہلے ہی تنقیح مکمل ہوچکی ہوتی ہے ۔ انہوں نے تاہم واضح کیا کہ حکومت کے اعلان کے مطابق اس اسکیم میں تمام صحافیوں کا احاطہ کیا جائے گا اور حکومت نے جو قواعد طئے کئے ہیں ان کی پاسداری کی جائے گی ۔ مسٹر نوین متل نے کہا کہ تقسیم کے بعد محکمہ میں عملہ کی قلت ہے اس لیے صحافیوں کے مسائل پر فیصلے کرنے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع کے عہدیداروں کو مربوط کرتے ہوئے محکمہ کو عصری بنانے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ عہدیداروں کے لیے واٹس اپ گروپس بھی بنائے جارہے ہیں ۔ میڈیا اور محکمہ کے مابین رابطوں کو بھی مستحکم کیا جارہا ہے اور اس کے لیے بھی سوشیل میڈیا کو استعمال کیا جائے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر نوین متل نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو صرف اشتہاری محکمہ سے اوپر لایا جائے اور انہوں نے میڈیا و محکمہ کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنے صحافیوں سے تجاویز بھی طلب کی ہیں ۔ مسٹر متل نے کہا کہ متحدہ ریاست میں صحافیوں کو جو ایوارڈز دئیے جاتے تھے وہ ان کا جائزہ لیں گے اور ان ایوارڈز کے احیاء کے امکانات پر غور کیا جائے گا ۔ صدر پریس کلب حیدرآباد روی کانت ریڈی نے صدارت کی اور مسٹر متل کا خیر مقدم کیا ۔ کلب سکریٹری راج مولی چاری نائب صدر سی وناجا ، خازن پی وی سرینواس اور دوسرے بھی موجود تھے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT