Wednesday , November 21 2018
Home / Top Stories / صحافی کی گمشدگی: آئی ایم ایف سربراہ کا دورۂ سعودی عرب ملتوی

صحافی کی گمشدگی: آئی ایم ایف سربراہ کا دورۂ سعودی عرب ملتوی

عالمی کاروباری اور میڈیا رہنماؤں کی جانب سے کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے کا شاخسانہ
واشنگٹن۔17 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لاگارڈے نے معروف صحافی کی مبینہ گمشدگی کے بعد مشرق وسطیٰ کا دورہ اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت ملتوی کردی۔ آئی ایم ایف کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ مینیجنگ ڈائریکٹر کا مشرق وسطیٰ کا طے شدہ دورہ ملتوی کردیا گیا ہے۔تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں دی۔کرسٹین لاگارڈے کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ’فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو‘ کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔ استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں 2 اکتوبر کو آخری بار دیکھے جانے والے صحافی جمال خشوگی کے مبینہ قتل کے بعد عالمی کاروباری اور میڈیا رہنماؤں نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔ہفتہ کو بالی میں آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے دوران کرسٹین لاگارڈے کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے کانفرنس میں شرکت کیلئے ریاض جائیں گی۔اس وقت ان کا صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ انسانی حقوق اور معلومات کی آزادی ضروری حقوق ہیں اور وہ صحافی کے مبینہ قتل کے واقعے پر خوفزدہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں دنیا بھر میں آئی ایم ایف کے معاملات چلانے کیلئے ایسے واقعات کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنا ضروری ہے۔خیال رہے کہ امریکہ میں مقیم سعودی صحافی جمال خشوگی گزشتہ 2 ہفتے سے لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ انہیں ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا ہے۔سعودی عرب سے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرنے والے جمال خشوگی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ تھے جبکہ ادارے نے بھی ان کی گمشدگی کی تصدیق کی تھی۔صحافی کی گمشدگی پر ترک حکومت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے استنبول میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوا تھا۔ سعودی سفیر نے صحافی کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیش میں مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی۔سعودی صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی کے معاملے پر گزشتہ روز امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے براہِ راست ملاقات بھی کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT