Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / صدارتی انتخاب کیلئے ٹی آر ایس کی تمثیلی رائے دہی کا انعقاد

صدارتی انتخاب کیلئے ٹی آر ایس کی تمثیلی رائے دہی کا انعقاد

پارٹی ارکان اسمبلی کو رائے دہی کے طریقہ کار سے واقف کروایا گیا ۔ احتیاط سے کام لینے کا مشورہ
حیدرآباد۔/16جولائی، ( سیاست نیوز) ملک گیر سطح پر کل 17 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے سلسلہ میں آج تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی جانب سے اپنے ارکان اسمبلی کیلئے ’ ماک پولنگ ‘( تمثیلی رائے دہی ) کا تلنگانہ بھون میں مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر تمام ارکان اسمبلی کو صدارتی انتخاب کیلئے کس امیدوار کو کس طرح ووٹ دینا ہوگا طریقہ کار سے واقف کروایا گیا۔ صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمثیلی رائے دہی کیلئے منعقدہ ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ ٹی آر ایس کے تمام ارکان سمبلی مقررہ وقت پر تلنگانہ بھون پہنچ گئے تھے اور ارکان پارلیمان تلنگانہ راشٹرا سمیتی بھی آج صبح کی اولین ساعتوں میں ہی دہلی روانہ ہوگئے تاکہ دہلی میں این ڈی اے امیدوار کی تائید کرنے والی تمام حلیف جماعتوں کے ارکان پارلیمان کے ساتھ تمثیلی رائے دہی کے مظاہرہ میں حصہ لے سکیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے اس موقع پر ارکان اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنے حق رائے دہی کا احتیاط کے ساتھ استعمال کریں، کسی جلد بازی کے بغیر بہتر انداز میں ووٹ دینا ہوگا تاکہ معمولی نوعیت کی غلطی سے بھی اپنا ووٹ ضائع نہ ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے این ڈی اے کے تجویز کردہ امیدوار مسٹر رام ناتھ کووند کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کی روشنی میں تمام ارکان اسمبلی وغیرہ کو اپنا ووٹ رام ناتھ کووند کے حق میں استعمال کرنے کی ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ صدارتی انتخاب کیلئے رائے دہی کا آغاز تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے میٹنگ ہال میں صبح 10 بجے سے ہوگا اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے 90 ارکان اسمبلی اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ رائے دہی کیلئے اولین فرصت میں اسمبلی پہنچ کر اپنے ووٹ کا استعمال کرنے کی ٹی آر ایس قیادت نے تمام اپنے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ہے۔ اسی دوران مزید بتایا جاتا ہے کہ صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس موقع پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی محاذی طلباء تنظیم کے عہدیداروں کا بھی تمام ارکان اسمبلی سے تعارف کروایا اور تمام ارکان اسمبلی و کابینی وزراء سے بھی ان عہدیداروں کے ساتھ دیہی اور ریاستی سطح پر ہر موقع پر بھرپور تعاون کرنے کی بھی ہدایت دی۔

TOPPOPULARRECENT