Thursday , November 23 2017
Home / سیاسیات / صدارتی عہدہ پر کووند، پہلے بی جے پی لیڈر اور دوسرے دلت

صدارتی عہدہ پر کووند، پہلے بی جے پی لیڈر اور دوسرے دلت

چیف جسٹس کھیہر نے حلف دلایا، ہندی میں حلف برداری
نئی دہلی 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) رام ناتھ کووند کو ملک کے 14 ویں صدر کی حیثیت سے آج حلف دلایا گیا۔ اس عہدہ پر فائز ہونے والے وہ بی جے پی کے پہلے لیڈر اور دوسرے دلت ہیں۔ چیف جسٹس آف انڈیا جے ایس کھیہر نے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں منعقدہ پُراثر تقریب میں کووند کو دستور و قانون کی دفاع، تحفظ و صیانت کیلئے اس جلیل القدر منصب کا حلف دلایا۔ کووند نے ہندی زبان میں حلف لیا۔ اس موقع پر شرکاء نے تالیاں بجاکر اور میزیں تھپتھپاتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری، لوک سبھا کی اسپیکر سمترا مہاجن، وزیراعظم نریندر مودی، سبکدوش صدر پرنب مکرجی اور سابق صدر پرتیبھا پاٹل اور دوسرے موجود تھے۔ حلف برداری تقریب کے دیگر شرکاء میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوے گوڑا، یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی، لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار، سابق نائب وزیراعظم ایل کے اڈوانی، متعدد مرکزی وزراء اور بیرونی مہمان موجود تھے۔ حلف برداری کے فوری بعد کووند کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور شہ نشین پر پرنب مکرجی اور کووند نے نشستوں کا تبادلہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT